وزیراعظم عمران خان چین کے سرکاری دورے پر ہیں جہاں انہوں نے چینی حکام سے ملاقاتیں کیں اور اس دوران مختلف معاہدے بھی طے کیے گئے۔

تاہم وزیراعظم کے دورہ کے دوران اس وقت مضحکہ خیز صورتحال پیدا ہوگئی جب عمران خان بیجنگ میں سینٹرل پارٹی اسکول کی تقریب سے خطاب کررہے تھے، اس موقع پر پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کی جانب سے خطاب کے آغاز میں اسکرین پر انگریزی میں بیجنگ (Beijing) کے بجائے ’ بیگنگ‘ (Begging) لکھ دیا گیا۔

بیگنگ انگریزی کا لفظ ہے جس کے معنی ’ بھیک مانگنے ‘ کے ہیں۔

تاہم، اسکرین پر بیگنگ کا لفط چند سیکنڈ رہا جس کے بعداس غلطی کو درست کرلیا گیا لیکن سوشل میڈیا پر وزیراعظم کے خطاب کے مقام کو ’بیگنگ‘ لکھے جانے پر طوفان برپا ہوگیا۔

پی ٹی وی کی جانب سے براہ راست نشر ہونے والے وزیراعظم کے خطاب پر اس غلطی کے بعد سوشل میڈیا پر Begging# ٹاپ ٹرینڈ رہا۔

عوام کی جانب سے سرکاری ٹی وی کی اس غلطی پر شدید تنقید بھی دیکھنے میں آئی جبکہ لوگوں نے اس کا مذاق بھی اڑایا۔

نجی ٹی وی کی اینکر پرسن غریدہ فاروقی نے ٹوئیٹ کیا کہ ’یوٹرن سائن اور بیگنگ، پی ٹی وی مکمل طور پر آزاد ہوگیا ہے‘۔

گل بخاری نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم کے خطاب کی ویڈیو شیئر کی اور لکھا کہ ’ اسکرین کے بائیں جانب دیکھیں ‘۔

روسی اخبار سے وابستہ صحافی خاتون سمیرا خان نے ٹوئٹ کیا کہ ’ نیوز ٹیم میں سے کسی نے عمران خان کے خطاب کی جگہ کو غلطی سے بیجنگ کی جگہ بیگنگ لکھ دیا‘۔

بعد ازاں پی ٹی وی کی جانب سے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ٹوئیٹ کیا گیا جس میں کہا گیا کہ ’ آج 04 نومبر کو وزیراعظم کے براہ راست خطاب کے دوران ایک ٹائپنگ کی غلطی ہوئی جسے محض 20 سیکنڈ بعد ہٹادیا گیا تھا‘۔

ٹویٹ میں کہا گیا کہ یہ حادثہ افسوس ناک ہے اور ادارے کے قوانین کے تحت ذمہ داران کو سخت سزا دی جائے گی‘۔

پی ٹی وی کی جانب سے معذرت کے جواب میں ایک صارف نے سرکاری ٹی کی معذرت کو مسترد کرتے ہوئے لکھا کہ ایسا محسوس نہیں ہورہا کہ یہ ایک غلطی تھی۔

تبصرے (4) بند ہیں

M. Naqvi Nov 05, 2018 02:44pm
Still too many PML-N supporters in PTV. This was not a crass error it is more like a deliberate act on PML-N supporter to humiliate IK.
Sohaila Nov 05, 2018 03:35pm
Even if this was a mistake, this should not be pardoned. Sack the MD and the persons responsible. Spellings of Beijing and Begging are not even close enough. And how would you justify U turn sign?
Janjua Nov 05, 2018 05:20pm
اب اس چیز کو غلطی تسلیم کر کے غلطی نہیں کرنی چاہیے
tar Nov 05, 2018 06:36pm
@M. Naqvi is it a crime to speak the truth...even by mistake?????? or you only want to hear PTI lies????