کینیا: الشباب کا ہوٹل پر دہشت گرد حملہ، 5 افراد ہلاک

16 جنوری 2019
دہشت گرد حملے میں زخمی خاتون کو ریسکیو اہلکار ہسپتال منتقل کر رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
دہشت گرد حملے میں زخمی خاتون کو ریسکیو اہلکار ہسپتال منتقل کر رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
حملے کے بعد ہوٹل کے باہر ایک گاڑی میں آگ لگی ہوئی ہے— فوٹو: اے ایف پی
حملے کے بعد ہوٹل کے باہر ایک گاڑی میں آگ لگی ہوئی ہے— فوٹو: اے ایف پی

کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں ایک پرتعیش ہوٹل اور آفس کمپلیکس پر الشباب کے حملے میں کم از کم پانچ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

اس حملے کا آغاز اس وقت ہوا جب 101کمروں کے ہوٹل، ایک ریسٹورنٹ اور متعدد دفاتر پر مشتمل ڈوسٹ ڈی 2 کمپلیکس میں ایک زوردار دھماکا ہوا جس کی آواز پانچ کلو میٹر دور تک واضح طور پر سنی گئی۔

کینیا کی پولیس کے سربراہ جوزف بوئنٹ نے بتایا کہ یہ ایک منظم حملہ تھا جس کے تحت پرتعیش ہوٹل میں خودکش حملہ بھی کیا گیا۔

انہوں نے اپنے بیان میں بتایا کہ یہ حملہ دوپہر تین بجے منظم انداز میں کیا گیا جب ایک بینک کی پارکنگ میں کھڑی تین گاڑیوں کو دھماکے سے نشانہ بنایا گیا جس کے بعد ڈوسٹ ہوٹل کی لابی میں ایک خودکش دھماکا ہوا۔

پولیس اہلکار ہوٹل میں پھنسی افراد کو باہر نکال رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
پولیس اہلکار ہوٹل میں پھنسی افراد کو باہر نکال رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے فوٹو گرافر کے مطابق اس نے ریسٹورنٹ کی بالکونی میں پانچ الشیں پڑی ہوئی دیکھیں۔

جائے وقوعہ پر سب سے پہلے پہنچنے والے ایک سینئر پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اس نے کم از کم 14افراد کی لاشیں دیکھی ہیں۔

2013 میں نیروبی کے شاپنگ مال پر حملہ کرنے والے القاعدہ سے منسلک عالمی دہشت گرد تنظیم الشباب نے اس حملے کی بھی ذمے داری قبول کر لی ہے جس میں مزید ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

پہلے دھماکے بعد بھی وقتاً فوقتاً دھماکے ہوتے رہے جس کے بعد پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی چار گھنٹے تک جاری رہا۔

مقامی کمپلیکس میں کام کرنے والے سائمن کرمپ نے بتایا کہ متعدد دھماکوں کے بعد لوگ شدید خوفزدہ ہو گئے اور انہوں نے خود کو دفتر کے اندر بند کر لیا، ہمیں پتہ نہیں تھا کہ کیا ہو رہا ہے اور مختلف سمتوں سے گولیاں چل رہی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس نے بعد میں لوگوں کو عمارتوں سے نکالنا شروع کردیا تھا۔

حملہ آورروں نے پارکنگ میں کھڑی تین گاڑیوں کو دھماکے سے اڑا دیا— فوٹو: اے ایف پی
حملہ آورروں نے پارکنگ میں کھڑی تین گاڑیوں کو دھماکے سے اڑا دیا— فوٹو: اے ایف پی

کینیا پولیس کے سربراہ نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ ابھی بھی کچھ دہشت گرد عمارت کے اندر موجود ہیں اور ہمارے افسران انہیں مارنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ ہم اسے سب سے بڑے حملے سے تعبیر کر رہے ہیں اور اسی وجہ سے انسداد دہشت گردی کے دستوں سمیت شہر بھر سے پولیس کو موقع پر طلب کر لیا گیا ہے۔

دہشت گرد تننظیم الشباب اس سے قبل بھی کینیا میں بڑے حملے کر چکی ہے اور 2013 میں شاپنگ مال پر کیے گئے حملے میں کم ازکم 67افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

اپریل 2015 میں الشباب نے مشرقی کینیا کے شہر گریسا میں یونیورسٹی پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 148 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں