کوہاٹ میں غیرت کے نام پر 2 افراد قتل

05 فروری 2019
لاشیں پوسٹ مارٹم مکمل ہونے کے بعد ان کے اہلِ خانہ کے حوالے کردی جائیں گی—فوٹو:شٹراسٹاک
لاشیں پوسٹ مارٹم مکمل ہونے کے بعد ان کے اہلِ خانہ کے حوالے کردی جائیں گی—فوٹو:شٹراسٹاک

خیبرپختونخوا کے علاقے کوہاٹ میں ایک شخص نے غیرت کے نام پر اپنی بہن اور ایک نوجوان کو قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق بہزادی چکہ کوٹ کے علاقے نوری آباد میں ایک شخص نے اپنی بہن کو اس کے اپنے ہی گھر میں مبینہ طور پر آشنا کے ساتھ قابلِ اعتراض حالت میں پا کر قتل کیا۔

جس کے بعد پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا اور نعشیں خواتین اور بچوں کے ہسپتال منتقل کردی گئیں جو پوسٹ مارٹم مکمل ہونے کے بعد ان کے اہلِ خانہ کے حوالے کردی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: کوہستان: ’غیرت کے نام پر‘ خواتین سمیت 4 افراد قتل

وقوعے کا مقدمہ محمد ریاض شہید پولیس اسٹیشن میں درج کرلیا گیا اور مزید تفتیش کا آغاز کردیا گیا۔

دوسری جانب کوہاٹ کے ہی علاقے سماری پیاں میں ایک خاتون کو پرانی دشمنی پر قتل کردیا گیا۔

لاچی پولیس اسٹیشن میں درج ایف آئی آر میں جہانزیب خان، طارق خان، اسحٰق خان اور نورشید خان کو نامزد کیا گیا جنہوں نے عابدہ بی بی نامی خاتون کے گھر میں گھس کر انہیں فائرنگ کر کے ہلاک کردیا۔

مذکورہ قتل پرانی دشمنی کا شاخسانہ قرار دیا جارہا ہے، لاچی پولیس اسٹیشن نے مقتولہ کی والدہ ممتاز کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا۔

ملزمان جائے واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تاہم پولیس نے ان کی تلاش میں چھاپہ مار کارروائی کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔

مزید پڑھیں: غیرت کے نام پر بھائیوں نے بہن اور چچازاد بھائی کو قتل کردیا

اس کے علاوہ جرما پولیس نے ایک خاتون کو اس کے 2 ساتھیوں کے ساتھ گرفتار کرلیا جو براستہ انڈس ہائی وے قبائلی علاقوں سے خیبرپخونخوا کے جنوبی علاقوں میں بھاری مقدار میں حشیش اسمگل کررہے تھے۔

پولیس کے مطابق ملزمان کے نام سمیرا بی بی، قسمت خان اور گل رضا ہیں اور یہ بنوں کے رہائشی ہیں جن کے قبضے سے 11 ہزار 5 سو کلو حشیش برآمد ہوئی جو کار کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی تھی۔


یہ خبر 5 فروری 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں