دنیا کا سب سے کم وزن زندہ بچ جانے والے بچے کو 7 ماہ بعد آخرکار ہسپتال سے گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔

جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کے کائیو یونیورسٹی ہاسپٹل میں اس بچے کی پیدائش گزشتہ سال اگست میں ہوئی تھی اور اس کا وزن محض 268 گرام تھا۔

ڈاکٹروں کے مطابق اس بچے کی پیدائش ایمرجنسی آپریشن سے اس وقت ہوئی جب حاملہ خاتون کے 24 ویں ہفتے میں اسکین سے علم ہوا کہ بچے کی نشوونما نہیں ہورہی اور اس کی زندگی خطرے میں ہے۔

اس بچے کا قد اتنا کم تھا کہ وہ ڈاکٹروں کے ہاتھوں میں فٹ آجاتا اور پیدائش کے بعد اسے انتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھا گیا جہاں اس کا وزن 3.2 کلوگرام تک بڑھ گیا۔

جاپانی ویب سائٹ کیوڈو نیوز کے مطابق 7 ماہ بعد گزشتہ ہفتے اس بچے کو گھر جانے کی اجازت مل گئی۔

فوٹو بشکریہ کائیو یونیورسٹی ہاسپٹل
فوٹو بشکریہ کائیو یونیورسٹی ہاسپٹل

ہسپتال میں قیام کے دوران بچے کی سانس اور وزن کا انتظام ڈاکٹروں نے سنبھالا اور بتدریج اسے ماں کا دودھ دیا گیا۔

ڈاکٹروں کو امید ہے کہ اس بچے کے بچنے سے ایسے خاندانوں کو نئی امید ملے گی جن کے ہاں بچوں کی بہت جلد یا بہت کم وزن کے ساتھ پیدائش ہوتی ہے۔

اس سے قبل سب سے کم وزن والے بچے کا ریکارڈ جرمنی سے تعلق رکھنے والے ایک بچے کے پاس تھا جس کی پیدائش 2009 میں ہوئی تھی اور اس کا وزن 274 گرام تھا۔

اب تک سب سے کم وزن یعنی 300 گرام جسمانی وزن کے حامل محض 23 بچوں کو بچانے میں کامیابی مل سکی ہے اور ان میں صرف 4 لڑکے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں