پاکستانی نژاد اداکار کمیل ننجیانی ہولی وڈ جاسوسی فلم میں کاسٹ

اپ ڈیٹ 06 اپريل 2019
کمیل ننجیانی نے اپنی زندگی پر بنائی گئی فلم سے شہرت حاصل کی—فوٹو: ہولی وڈ رپورٹر
کمیل ننجیانی نے اپنی زندگی پر بنائی گئی فلم سے شہرت حاصل کی—فوٹو: ہولی وڈ رپورٹر

آسکر نامزد پاکستانی نژاد امریکی کامیڈین کمیل ننجیانی جلد ہی ہولی وڈ کی ایکشن کامیڈی جاسوس فلم میں جلوے دکھاتے نظر آئیں گے۔

کمیل ننجیانی صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پیدا ہوئے، اور ابتدائی تعلیم وہیں حاصل کی، کراچی گرامر اسکول سے تعلیم مکمل کرنے کے بعد وہ 18 برس کی عمر میں امریکا منتقل ہوئے۔

انہوں نے کمپیوٹر سائنس اور فلاسافی کی تعلیم حاصل کر رکھی ہے، جب کہ وہ امریکا کے معروف کامیڈین اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں۔

کمیل ننجیانی اب تک متعدد امریکی فلموں، ٹی وی سیریلز، ویڈیو گیمز اور ویب سائٹ سیریز میں کام کر چکے ہیں، انہیں سب سے زیادہ شہرت ایچ بی او ٹی وی کے کامیڈی سیریل ڈرامہ سے ملی۔

کمیل ننجیانی نے 2017 میں امریکا کا کامیڈی اسٹار آف دی ایئر ایوارڈ بھی جیتا تھا، انہیں یہ ایوارڈ ان کی رواں برس آنے والی اپنی بائیوگرافی فلم ’دی بگ سِک‘ پر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: کمیل ننجیانی کےلیے اعزاز

’دی بگ سک‘ کی کہانی کمیل ننجیانی کی پاکستانی پس منظر کی زندگی اور امریکی اہلیہ کے ارد گرد گھومتی ہے۔

کمیل ننجیانی نے 2007 سے امریکی لکھاری و اداکارہ ایملی سے شادی کی—فوٹو: لینے گوسپ
کمیل ننجیانی نے 2007 سے امریکی لکھاری و اداکارہ ایملی سے شادی کی—فوٹو: لینے گوسپ

کمیل ننجیانی نے 2007 میں امریکی لکھاری و اداکارہ ایملی وی گورڈن سے شادی کی تھی اور ان دونوں کی جوڑی کو سراہا جاتا ہے۔

شوبز ویب سائٹ ’ورائٹی‘ کے مطابق کمیل ننجیانی جلد ہی ایکشن کامیڈی جاسوس فلم ’نو گلوری‘ میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

’نو گلوری‘ کی کہانی امریکی خفیہ ادارے کے کام کرنے اور امریکی مفادات کے گرد گھومتی ہے۔

فلم کی کہانی اسکارٹ شیفرڈ کی اسی نام سے لکھی گئی کتاب سے لی گئی ہے، جسے سام بین نے لکھا ہے۔

’نو گلوری‘ کو ایڈم میکی، ول فریل اور وال پاریسو پکچرز پروڈیوس کریں گے۔

فلم کے ہدایت کار کا نام تاحال سامنے نہیں آیا اور نہ ہی فلم کی مرکزی اداکارہ کا اعلان کیا گیا ہے۔

خیال کیاجا رہا ہے کہ جلد ہی فلم کی دیگر کاسٹ اور ہدایت کار کا اعلان کرکے رواں برس وسط سے فلم کی شوٹنگ کا آغاز کردیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں