ڈرامے کی ایک قسط کا معاوضہ کروڑوں روپے لینے والے اداکار

10 اپريل 2019
ایمیلیا کلارک اس ڈرامے میں مرکزی کردار ادا کررہی ہیں — فوٹو بشکریہ ایچ بی او
ایمیلیا کلارک اس ڈرامے میں مرکزی کردار ادا کررہی ہیں — فوٹو بشکریہ ایچ بی او

پاکستان میں ٹیلیویژن ڈرامے بہت زیادہ مقبول ہیں اور متعدد اداکار اس کے نتیجے میں شہرت کی سیڑھیاں چڑھ چکے ہیں مگر جب بات ہو دنیا بھر میں مقبول ڈرامے ' گیمز آف تھیرون' کی، تو اس میں کام کرنے والے ہر قسط کا اتنا معاوضہ لیتے ہیں جتنا پاکستان میں سوچا بھی نہیں جاسکتا۔

جی ہاں گیمز آف تھیرون کے 8 ویں سیزن کے لیے پانچ اداکار ایمیلیا کلارک، کٹ ہیرنگٹن ، لینا ہیڈے، نکولاج کوسٹر والدو اور پیٹر دنکلیج ایک قسط کا اتنا معاوضہ لے رہے ہیں جتنا اکثر ہولی وڈ اسٹارز کا بھی نہیں ہوگا۔

ہارپر بازار کی ایک رپورٹ کے مطابق یہ اداکار ہر قسط کے 12 لاکھ ڈالرز (لگ بھگ 17 کروڑ پاکستانی روپے) کما رہے ہیں اور اس سیزن کی 6 اقساط سے مجموعی طور پر 72 لاکھ ڈالرز (ایک ارب روپے سے زائد) معاوضہ لیں گے۔

اس ڈرامے کے سیزن 7 کے لیے ان اسٹارز کو فی قسط 5 سے 6 لاکھ ڈالرز معاوضہ دیا گیا تھا مگر اس سال ان سب نے مل کر اپنے معاوضے کو بڑھانے میں کامیابی حاصل کی۔

ان پانچوں اداکاروں کے مقابلے میں دیگر جیسے میسی ولیمز اور صوفی ٹرنر کو فی قسط ایک لاکھ 75 ہزار ڈالرز معاوضہ دیا جائے گا۔

یہ ڈراما 170 سے زائد ممالک میں دیکھا جاتا ہے اور مغرب میں بہت زیادہ مقبول ہے۔

اس ڈرامے کے پروڈکشن اخراجات بھی بہت زیادہ ہیں جس کی وجہ اس میں خوبصورت ترین لوکیشنز اور دیگر سامان کا استعمال ہے۔

اس ڈرامے کا نیا سیزن 14 اپریل سے نشر ہونا شروع ہوگا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں