دنیا کا پہلا انڈر ڈسپلے کیمرا فون متعارف

اوپو دنیا کی پہلی کمپنی بن گئی جس نے  اسکرین کے اندر کیمرا والا فون متعارف کرایا ہے—فوٹو: اوپو
اوپو دنیا کی پہلی کمپنی بن گئی جس نے اسکرین کے اندر کیمرا والا فون متعارف کرایا ہے—فوٹو: اوپو

اطلاعات ہیں کہ ایپل کی جانب سے رواں برس متعارف کرائے جانے والے آئی فون بہت سارے منفرد فیچرز کے ساتھ ہوں گے، جن میں بیک وقت تین ریئر کیمرے جیسے فیچرز شامل ہیں۔

علاوہ ازیں رپورٹس ہیں کہ ایپل کی جانب سے 2019 کے آئی فون میں پہلی بار فنگر پرنٹ اور کیمرے کے ایسے سینسر دیے جائیں گے جو جدید ٹیکنالوجی کے حامل ہوں گے۔

صرف ایپل ہی نہیں بلکہ جنوبی کورین کمپنی سام سنگ بھی پہلی بار منفرد موبائل فون متعارف کرانے پر کام کر رہی ہیں اور اطلاعات ہیں کہ کمپنی رواں برس کے اختتام تک پہلی بار 64 میگا پکسل کیمرے والا فون متعارف کرائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا کا پہلا انڈر ڈسپلے کیمرے والا فون چند دن کی دوری پر

آئی فون اور سام سنگ کے فیچرز اپنی جگہ لیکن چینی کمپنی ’اوپو‘ نے دونوں کمپنیوں کو ایک فیچر میں پیچھے چھوڑ دیا۔

اب تک موبائلز میں اسکرین کے باہر پاپ اپ کی شکل میں سیلفی کیمرا دیا جاتا ہے—فوٹو: اوپو
اب تک موبائلز میں اسکرین کے باہر پاپ اپ کی شکل میں سیلفی کیمرا دیا جاتا ہے—فوٹو: اوپو

‘اوپو‘ نے دنیا کا ایسا پہلا فون متعارف کرا دیا جس کا سیلفی کیمرا اسکرین کے اندر ہے۔

جی ہاں، اوپو کی جانب سے متعارف کرائے جانے والے موبائل میں سیلفی کیمرا پاپ اپ یا پنچ ہول کی شکل میں نہیں بلکہ اسکرین کے اندر ہے۔

یوں اوپو وہ پہلی کمپنی بن گئی جو موبائل میں اسکرین کے اندر ہی کیمرے کو متعارف کرا دیا۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ اوپو کی جانب سے سلیفی کیمرے کو اسکرین کے اندر متعارف کرائے جانے کے بعد ایپل بھی آئی فون میں اسی فیچر کو متعارف کرائے گا۔

علاوہ ازیں رپورٹس ہیں کہ چینی کمپنی شیاؤمے بھی ایک ایسے موبائل پر کام کر رہی ہے جس کا سیلفی کیمرا اسکرین کے اندر ہوگا۔

اوپو نے انڈر اسکرین کیمرا موبائل کو متعارف کرانے کا اعلان گزشتہ ہفتے ہی کیا تھا اور اب اسے شنگھائی میں ہونے والے ایک ایونٹ میں متعارف کرادیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں