جج، لیگی رہنما کی ملاقات: مریم نواز نے مزید مبینہ خفیہ ویڈیوز شیئر کردیں

اپ ڈیٹ 10 جولائ 2019
پہلی ویڈیو میں کسی کا چہرہ واضح نہیں تھا—فائل فوٹو: ڈان نیوز
پہلی ویڈیو میں کسی کا چہرہ واضح نہیں تھا—فائل فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک سے متعلق مزید 2 مبینہ خفیہ ویڈیو شیئر کر دیں۔

مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ 'ٹویٹر' پر شیئر کی گئی ویڈیوز کے بارے میں دعویٰ کیا کہ جج ارشد ملک کی ’گرین نمبر پلٹ والی سرکاری گاڑی‘ ناصر بٹ کو لینے آئی جس کے بعد ناصر بٹ کار کے ہمراہ جج ارشد ملک کی رہائش گاہ پر پہنچے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا ویڈیو لیک تنازع میں مداخلت نہ کرنے کا فیصلہ

پوسٹ کی گئی مبینہ ویڈیو میں موٹر سائیکل سوار نے ریکارڈ نگ کی، تاہم پہلی ویڈیو میں کسی کا چہرہ واضح نہیں تھا۔

مریم نواز نے دعویٰ کیا کہ نئی پوسٹ کی گئی ویڈیو جج ارشد ملک کے اس بیان کی نفی کرتی ہیں کہ جس میں انہوں نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف ناصر بٹ سے فیصلے میں دباؤ کا اظہار نہیں کیا۔

مریم نواز کی جانب سے دوسری پوسٹ کی گئی ویڈیو میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ ناصر بٹ، جج ارشد ملک کی رہائش گاہ میں داخل ہوئے جنہوں نے ناصر بٹ سے ملاقات کی اور کمرے کی لائٹ آن کی۔

واضح رہے کہ ڈان نیوز ویڈیوز کے مواد کی سچائی کے بارے میں آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں کرسکا۔

مزید پڑھیں: ’جج نے اعتراف کیا کہ نواز شریف کے خلاف کوئی ثبوت نہیں‘

خیال رہے کہ 6 جولائی کو مریم نواز نے جج ارشد ملک کی مبینہ خفیہ ویڈیو سے متعلق دعویٰ کیا تھا کہ ویڈیو میں نظر آنے والے جج نے فیصلے سے متعلق ناصر بٹ کو بتایا کہ 'نواز شریف کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے، فیصلے کے بعد سے میرا ضمیر ملامت کرتا رہا اور رات کو ڈراؤنے خواب آتے۔

جج نے مزید کہا کہ نواز شریف تک یہ بات پہنچائی جائے کہ ان کے کیس میں جھول ہوا ہے۔

انہوں نے ویڈیو سے متعلق دعویٰ کیا تھا کہ جج ارشد ملک، ناصر بٹ کے سامنے اعتراف کر رہے ہیں کہ نواز شریف کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ہے۔

بعد ازاں احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے اپنی پریس ریلیز میں مبینہ خفیہ ویڈیو کو اپنے اور اہلخانہ کے خلاف سازش قرار دیا اور مریم نواز کی جانب سے عائد تمام الزامات کو مسترد کردیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں