میرپورخاص: موٹر سائیکل پر بچے کی میت لے جاتے ہوئے ٹریفک حادثہ، والد اور چچا جاں بحق

اپ ڈیٹ 29 اکتوبر 2019
وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر میرپورخاص سے میت کی منتقلی کے لیے ایمبولینس کی عدم دستیابی پر جواب طلب کرلیا — فوٹو: شٹر اسٹاک
وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر میرپورخاص سے میت کی منتقلی کے لیے ایمبولینس کی عدم دستیابی پر جواب طلب کرلیا — فوٹو: شٹر اسٹاک

میرپورخاص کے سول ہسپتال میں سرکاری ایمبولینس نہ ملنے پر بچے کی میت کو موٹرسائیکل پر لے جاتے ہوئے ٹریفک حادثے کے نتیجے میں والد اور چچا جاں بحق ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے بچے کی لاش کو منتقل کرنے کے پیسے طلب کیے گئے تھے لیکن بچے کے والد اور چاچا کے پاس پیسے نہیں تھے، اس لیے وہ ڈھائی سالہ بچے موہن کی لاش کو موٹر سائیکل پر لے کر جارہے تھے۔

موٹرسائیکل پر لاش کی منتقلی کے دوران ٹریفک حادثے پیش آیا جس کے نتیجے میں موہن کے والد کیول بھیل اور ان کے بھائی موقع پر دم توڑ گئے۔

ذرائع نے بتایا کہ سول ہسپتال کی ایمنبولینس میں پیٹرول نہیں تھا، پیٹرول اور کرائے کی رقم انتظامیہ نے طلب کی جبکہ دوسری ایمبیولینس میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) سول ہسپتال کے ذاتی استعمال میں تھی۔

مزید پڑھیں: ہری پور: کم عمر بچے کے قتل کے الزام میں 4 افراد زیر حراست

بعد ازاں سندھ کے محکمہ صحت نے واقعے کی تحقیقات کے لیے دو رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔

محکمے کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹی فکیشن کے مطابق کمیٹی متاثرہ شخص کو ایمبولینس نہ دینے کی وجوہات کا جائزہ لے گی اور متاثرہ شخص سے پیسے وصول کرنے کے معاملے کا بھی جائزہ لے گی۔

کمیٹی میں ڈی جی صحت ڈاکٹر مشتاق احمد اور ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر انورقادر شامل ہیں۔

کمیٹی واقعے پر انکوائری مکمل کرکے 16 ستمبر کو اپنی رپورٹ حکومت کو پیش کرے گی۔

وزیر اعلیٰ کا نوٹس

علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری صحت کو میڈیکل سپرٹنڈنٹ میرپورخاص کو فوری طور پر معطل کرنے کی ہدایت کی اور کمشنر میرپورخاص سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں 9 سالہ بچہ ریپ کے بعد قتل

وزیر اعلیٰ نے سوال کیا کہ 'ہسپتال کی ایمبولینس کہاں تھی اور میت لے جانے کے لیے ایمبولینس کا انتظام بروقت کیوں نہیں کیا گیا'۔

انہوں نے تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے متاثرہ خاندان کی مدد کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔

وزیراعٰلی سندھ نے واقعے پر دلی دکھ کا اظہار کیا اور سیکریٹری صحت کو بھی واقعے کی مکمل رپورٹ جمع کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اگر محکمہ صحت میرپورخاص کا عملہ ملوث نکلا تو معاف نہیں کریں گے۔

انہوں نے سیکریٹری صحت سندھ سے صوبہ بھر کے تمام اسپتالوں کی ایمبولنس سروس کی تفصیلات بھی طلب کیں اور کہا کہ عوام کی خدمت میں یہ ایمبولینسز کے استعمال کے حوالے سے ریکارڈ پیش کیا جائے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں