اسلامی کونسل میں ٹک ٹاک گرل نہیں، حافظ حمداللہ کا فواد چوہدری کی تنقید پر ردعمل

اپ ڈیٹ 09 جنوری 2020
سی آئی آئی مذہبی اسکالرز، آئینی و قانونی ماہرین اور ریٹائرڈ ججز پر مشتمل ہے، حافظ حمداللہ —فائل فوٹو / ڈان نیوز
سی آئی آئی مذہبی اسکالرز، آئینی و قانونی ماہرین اور ریٹائرڈ ججز پر مشتمل ہے، حافظ حمداللہ —فائل فوٹو / ڈان نیوز

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما حافظ حمد اللہ نے اسلامی نظریاتی کونسل (سی آئی آئی) پر وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی تنقید پر ردعمل میں کہا ہے کہ فواد چوہدری نے ادارے کی توہین کی کیونکہ اس میں ٹک ٹاک گرل حریم شاہ نہیں ہے۔

واضح رہے کہ اسلامی نظریاتی کونسل نے نیب آرڈیننس کی بعض دفعات کو غیر اسلامی اور غیر شرعی قرار دیا تھا جس کے بعد فواد چوہدری نے سی آئی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'آج تک مذہبی طبقات کی سوچ کو نظریاتی کونسل سے کوئی رہنمائی نہیں ملی، ایسے ادارے پر کروڑوں روپے خرچ کرنے کا جواز میری سمجھ سے بالاتر ہے'۔

مزید پڑھیں: نیب آرڈیننس کی بعض دفعات غیر اسلامی قرار

فواد چوہدری کی تنقید کے ردعمل میں حافظ حمد اللہ نے کہا کہ سی آئی آئی مذہبی اسکالرز، آئینی و قانونی ماہرین اور ریٹائرڈ ججز پر مشتمل ہے، جبکہ اس میں ٹک ٹاک گرل حریم شاہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری کا اسلامی نظریاتی کونسل کی نیب آرڈیننس کے چند شقوں کو غیر شرعی قرار دینے کے فیصلوں پر توہین آمیز بیان دینا آئین کی توہین ہے۔

حافظ حمد اللہ نے کہا کہ فواد چوہدری کی جانب سے اسلامی نظریاتی کونسل کو ناکارہ ادارہ کہنا آئینی ادارے کی بے توقیری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاق وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو دعائے قنوت پڑھنا نہیں آتی وہ قرآن اور سنت کی روشنی میں ہونے والی قانون سازی میں آئینی تقاضوں کو کیسے پورا کریں گے؟

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما کا کہنا تھا کہ 'ستم ظریفی یہ ہے کہ ایک طرف ریاست مدینہ کا دعویدار اور دوسری طرف اسلامی نظریاتی کونسل جیسے اسلامی ادارے پر تنقید یہ کون سی ریاست ہے؟'

یہ بھی پڑھیں: نیب ترمیمی آرڈیننس 2019 کا نوٹی فکیشن جاری

حافظ حمد اللہ نے فواد چوہدری کی کارکردگی پر سوال اٹھایا کہ 'یہ بتائیں کہ آپ کی وزارت میں کارکردگی کیا ہے؟ یہی وجہ ہے کہ آپ سے وزارت اطلاعات بھی واپس لی گئی'۔

خیال رہے کہ چند روز قبل ٹک ٹاک گرل حریم شاہ کی پنجاب کے وزیر فیاض الحسن چوہان سمیت دیگر حکومتی شخصیات کے ہمراہ لی گئی تصاویر سامنے آئی تھیں۔

اس کے علاوہ چند ماہ قبل حریم شاہ دفتر خارجہ میں اعلیٰ سطح اجلاس کے لیے مختص کمرے میں بھی پہنچ گئی تھیں جہاں انہوں نے ٹک ٹاک ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی، جس کے بعد انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ معاملے کی تحقیقات بھی کی گئی تھی۔

حال ہی میں ان کی ایک اور ویڈیو بھی منظر عام پر آئی تھی، جس میں وہ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سے ٹیلی فون پر بات کر رہی تھیں اور ان پر کچھ الزامات بھی عائد کرتی نظر آئی تھیں۔

مزید پڑھیں: ٹک ٹاک اسٹار کی دفترخارجہ میں موجودگی پر تحقیقات کا آغاز

علاوہ ازیں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کے پاس کچھ وفاقی وزرا اور ایک خاتون وزیر کی ویڈیوز بھی ہیں۔

حریم شاہ کو اس وقت زیادہ مقبولیت ملی تھی جب نامور اینکر مبشر لقمان نے ان پر اور ان کی دوست صندل خٹک پر ان کے نجی طیارے سے سامان چوری کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

تبصرے (1) بند ہیں

Rehan Jan 10, 2020 12:08am
Fawad is right!