• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:33pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:58pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 4:02pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:33pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:58pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 4:02pm

جلد وائٹ ہاؤس کے مہمان بننے والے جوبائیڈن خاندان سے ملیے

ڈیموکریٹک کے منتخب صدر 77 سالہ جوبائیڈن نے دو شادیاں کیں، جن سے انہیں تین بیٹے اور دو بیٹیاں ہوئیں، وہ دادا اور نانا بھی ہیں۔
شائع November 9, 2020

گزشتہ ہفتے تین نومبر کو ہونے والے امریکی صدارتی انتخاب میں ڈیموکریٹک پارٹی کے 77 سالہ اُمیدوار جوبائیڈن امریکا کے 46 ویں صدر منتخب ہوچکے ہیں۔

جوبائیڈن نے اپنے حریف ریپبلکن پارٹی کے 74 سالہ ڈونلڈ ٹرمپ کو شکست دی جو اس وقت 45 ویں امریکی صدر ہیں۔

جوبائیڈن آئندہ سال جنوری کے وسط کے بعد اپنے عہدے کا حلف لینے کے بعد دنیا کے طاقتور ترین مقام تصور کیے جانے والے وائٹ ہاؤس کے نئے مکین بن جائیں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے برعکس جوبائیڈن کا خاندان بڑا ہے اور وہ دادا اور نانا بھی بن چکے ہیں اور ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ان کے ساتھ صدارتی ہاؤس میں اہلیہ سمیت اور کون کون مکین بنے گا۔

دنیا بھر کے لوگوں کی طرح پاکستانی عوام بھی منتخب امریکی صدر اور اس کے اہل خانہ سے متعلق جاننا چاہتے ہیں اور گزشتہ ایک ہفتے کے دوران جوبائیڈن اور اس کے اہل خانہ سے متعلق انٹرنیٹ پر معلومات کو تلاش کرنے میں اضافہ دیکھا گیا۔

جوبائیڈن نے پہلی شادی ایک استانی سے 1966 میں کی تھی—فائل فوٹو: ٹوئٹر
جوبائیڈن نے پہلی شادی ایک استانی سے 1966 میں کی تھی—فائل فوٹو: ٹوئٹر

77 سالہ جوبائیڈن کو جہاں تجربہ کار سیاستدان سمجھا جاتا ہے، وہیں وہ 2009 سے 2017 تک نائب امریکی صدر بھی رہ چکے ہیں۔

جوبائیڈن 2009 سے قبل ریاست ڈیلاویئر سے سینیٹر منتخب ہوتے آ رہے تھے اور انہوں نے 1987 کے امریکی انتخابات میں بھی حصہ لیا تھا تاہم بعد ازاں حتمی مراحل شروع ہونے سے قبل ہی وہ دستبردار ہوگئے تھے۔

جوبائیڈن نے دو شادیاں کیں، جن سے انہیں 5 بچے ہوئے اور ان کی ایک اہلیہ اور بیٹی روڈ حادثے میں ہلاک ہوگئیں۔

جوبائیڈن کو پہلی بیوی سے تین بچے تھے—فائل فوٹو: ٹوئٹر
جوبائیڈن کو پہلی بیوی سے تین بچے تھے—فائل فوٹو: ٹوئٹر

جوبائیڈن کی زندگی حادثات سے بھری پڑی ہے، انہیں دوسرا جھٹکا اس وقت لگا جب 2015 میں ان کے 46 سالہ بیٹے دماغ کے کینسر سے چل بسے تھے۔

جوبائیڈن نے پہلی شادی اگست 1966 میں زمانہ طالب علمی میں خاتون ٹیچر نیلا ہنٹر سے کی، جن سے انہیں ایک بیٹی اور تین بیٹے ہوئے۔

شادی کے چند سال بعد جوبائیڈن کی پہلی اہلیہ نیلا ہنٹر 1972 میں ایک بدترین روڈ حادثے میں 13 ماہ کی بیٹی ناؤمی کرسچینا سمیت ہلاک ہوگئیں۔

جوبائیڈن نے دوسری شادی انگریزی ادب کی لیکچرر جل سے 1977 میں کی—فائل فوٹو: اے پی
جوبائیڈن نے دوسری شادی انگریزی ادب کی لیکچرر جل سے 1977 میں کی—فائل فوٹو: اے پی

روڈ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ ان کے دونوں بیٹوں کو بھی سخت چوٹیں لگیں تاہم وہ زندگی کی طرف لوٹنے میں کامیاب رہے۔

تاہم زندگی کے 46 سال زندہ رہنے کے بعد جوبائیڈن کے بڑے بیٹے بیو بائیڈن دماغ کے کینسر کے باعث چل بسے۔

جوبائیڈن نے پہلی اہلیہ کی موت کے بعد 1977 میں انگریزی ادب کی استاد جل اسٹیونسن سے شادی کی اور ان کے ہاں 1981 میں بیٹی ایشلے جوبائیڈن کی پیدائش ہوئی۔

جوبائیڈن نے 1987 کےانتخابات سے دستبرداری کی تھی—فائل فوٹو: اے پی
جوبائیڈن نے 1987 کےانتخابات سے دستبرداری کی تھی—فائل فوٹو: اے پی

جوبائیڈن نے پہلی مرتبہ 1987 میں امریکی صدارتی انتخابات لڑنے کا فیصلہ کیا اور انہوں نے مہم بھی شروع کردی لیکن بعد ازاں تقریر چوری کرنے کے الزام میں انہوں نے دستبرداری کا اعلان کیا۔

جوبائیڈن 1977 سے 2009 تک ریاست ڈیلاویئر سے سینیٹر منتخب ہوتے رہے، تاہم 2009 کے بعد انہوں نے براک اوباما کے ساتھ نائب صدر کی ذمہ داریاں ادا کیں۔

جوبائیڈن کے بیٹے 46 سالہ بیو بائیڈن 2015 میں دماغ کےکینسر کے باعث چل بسے تھے، وہ فوج میں کپتان بھی رہ چکے تھے—فائل فوٹو: اے ایف پی
جوبائیڈن کے بیٹے 46 سالہ بیو بائیڈن 2015 میں دماغ کےکینسر کے باعث چل بسے تھے، وہ فوج میں کپتان بھی رہ چکے تھے—فائل فوٹو: اے ایف پی

سال 2010 میں ان کے بیٹے 46 سالہ بیو بائیڈن پر پہلے فالج نے حملہ کیا اور بعد ازاں 2013 میں ان کے دماغ میں ٹیومر کی تشخیص ہوئی اور بعد ازاں وہ دماغ کے کینسر میں مبتلا ہوگئے۔

متعدد آپریشن اور کیموتھراپی کے بعد بلآخر بیو بائیڈن 46 سال کی عمر میں 2015 میں چل بسے، وہ فوج میں کیپٹن کے عہدے پر بھی تعینات رہے تھے۔

جوبائیڈن کو نوجوان پوتے اور پوتیاں بھی ہیں—فائل فوٹو: اے پی
جوبائیڈن کو نوجوان پوتے اور پوتیاں بھی ہیں—فائل فوٹو: اے پی

جوبائیڈن کے بڑے بیٹے ہنٹر بائیڈن اس وقت 50 سال سے زائد العمر ہیں اور انہیں تین بچے بھی ہیں۔

اسی طرح ان کی واحد بیٹی 39 سالہ ایشلے بائیڈن بھی شادی شدہ اور بچوں کی ماں ہیں اور جوبائیڈن اس وقت نانا اور دادا ہیں۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ جوبائیڈن عہدہ سنبھالنے کے بعد بیٹی کو بھی ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ کی طرح خصوصی عہدے پر تعینات کریں گے تاہم انہوں نے اس طرح کا کوئی عندیہ نہیں دیا۔

جوبائیڈن 20 جنوری 2021 کو عہدہ صدارت سنبھالیں گے۔

جوبائیڈن کی اکلوتی بیٹی 39 سالہ ایشلے نے 53 سالہ ڈینٹسٹ سے شادی کر رکھی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
جوبائیڈن کی اکلوتی بیٹی 39 سالہ ایشلے نے 53 سالہ ڈینٹسٹ سے شادی کر رکھی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی