سونم کی بہن کی شادی اور کرینہ کے بیٹے کی پہلی تصویر

کرینہ کپور بھی ریا کپور کی پروڈیوس کردہ فلم میں کام کر چکی ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام
کرینہ کپور بھی ریا کپور کی پروڈیوس کردہ فلم میں کام کر چکی ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام

گزشتہ ہفتے کی طرح اس ہفتے بھی ہولی وڈ، بولی وڈ اور لولی وڈ کی دنیا میں خبروں اور افواہوں کا بازار گرم رہا اور کئی اچھی خبروں سمیت بری خبریں بھی سامنے آئیں۔

جنوبی کورین گلوکار کو سزا

سابق جنوبی کورین پاپ گلوکار سینگری کو عدالت نے خواتین کے ریپ اور انہیں جسم فروشی کے لیے دوسرے افراد کو فراہم کرنے کے الزام میں تین سال جیل اور 10 لاکھ ڈالر جرمانے کی سزا سنادی۔

رائٹرز کے مطابق سینگری پر الزام تھا کہ انہوں نے صرف کئی نوجوان و خوبرو لڑکیوں کو کام کے بدلے ریپ اور جنسی استحصال کا نشانہ بنایا بلکہ انہیں وہ بلیک میل بھی کرتے رہے۔

گلوکار کو تین سال قید اور 10 لاکھ ڈالر کے جرمانے کی سزا سنائی گئی—فائل فوٹو: رائٹرز
گلوکار کو تین سال قید اور 10 لاکھ ڈالر کے جرمانے کی سزا سنائی گئی—فائل فوٹو: رائٹرز

علاوہ ازیں ان پر الزام تھا کہ وہ سرمایہ کاروں اور امیر افراد کو بھی جنسی لذت فراہم کرنے کے لیے خواتین فراہم کرتے رہے ، یعنی ان پر جسم فروشی کے الزامات بھی تھے۔

وہ دو سال سے جیل میں تھے اور ان کا کیس خصوصی فوجی عدالت منتقل کیا گیا تھا، جہاں پر جرم ثابت ہونے پر انہیں سزا سنائی گئی۔

ان سے قبل دیگر معروف پاپ گلوکاروں کو بھی خواتین کے ریپ، انہیں بلیک میل کرکے ان کا استحصال کرنے جیسے الزامات میں سزا سنائی جا چکی ہے۔

سیف اور کرینہ کے دوسرے بیٹے کی تصویر سامنے آگئی؟

متعدد بھارتی شوبز ویب سائٹس اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز نے کرینہ کپور اور سیف علی خان کی نئی تصویر میں ان کے ساتھ بچے کی موجودگی کو ان کے دوسرے بیٹے کی تصویر قرار دیا ہے۔

ٹائمز آف انڈیا نے اپنے انسٹاگرام پر کرینہ کپور اور سیف علی خان کی ایک تصویر شیئر کی، جس میں چھوٹے خان کی گود میں ایک بچے کو دیکھا جا سکتا ہے۔

سیف علی خان کی گود میں موجود بچے سے متعلق اخبار کا دعویٰ ہے کہ وہ ان کے دوسرے بیٹے (جے) یا جہانگیر خان ہیں۔

تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا گیا کہ مذکورہ تصویر کرینہ کپور کے والدین کے گھر کے باہر کھینچی گئی تھی، تاہم اس حوالے سے آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔

سیف علی خان اور کرینہ کپور کے ہاں دوسرے بیٹے کی پیدائش فروری 2021 میں ہوئی تھی اور تاحال ان کی تصویر جاری نہیں کی گئی اور نہ ہی والدین نے واضح طور پر بچے کے نام کا اعلان کیا ہے، تاہم بھارتی میڈیا میں خبریں ہیں کہ ان کے دوسرے بیٹے کا نام (جے) یا جہانگیر خان ہے۔

ان کے پہلے بیٹے کا نام تیمور علی خان ہے جو 2016 میں پیدا ہوئے تھے اور جوڑے نے 2012 میں شادی کی تھی۔

ناصر خان جان نے شادی کرلی؟

سوشل میڈیا اسٹار اور انفلوئنسرا ناصر خان کے حوالے سے خبریں ہیں کہ انہوں نے شادی کرلی۔

جیو ٹی وی نے بتایا کہ سوشل میڈیا اسٹار نے 13 اگست کو شادی کی، انہوں نے گزشتہ برس منگنی کی تھی، کورونا کی وجہ سے انہوں نے سادگی میں شادی کی.

ریا کپور شادی کرنے والی ہیں؟

خبریں ہیں کہ بولی وڈ اداکار انیل کپور کی دوسری صاحبزادی اور سونم کپور کی بہن فلم پروڈیوسر ریا کپور جلد رشتہ ازدواج میں بندھ جائیں گی۔

انڈین ایکسپریس نے اپنی رپورٹ میں شوبز ویب سائٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ریا کپور اپنے دیرینہ دوست کرن بولانی سے سادگی میں شادی کرنے جا رہی ہیں۔

ریا کپور 15 اگست تک شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گی، رپورٹس—فائل فوٹو: انسٹاگرام
ریا کپور 15 اگست تک شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گی، رپورٹس—فائل فوٹو: انسٹاگرام

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ فلم پروڈیوسر ریا کپور 15 اگست تک رشتہ ازدواج میں بندھ جائیں گی اور شادی کی تقریب میں انتہائی کم افراد شرکت کریں گے۔

ریا کپور نے بہن سونم کپور کی فلم ویرے دی ویڈنگ سمیت متعدد فلمیں پروڈیوس کی ہیں اور والد انیل کپور کی وجہ سے انہیں بولی وڈ میں اہمیت بھی حاصل ہے۔

مایا علی گلگت بلتستان پہنچ گئیں

اداکارہ مایا علی کی جانب سے گلگت بلتستان کے ثقافتی لباس میں شیئر کی جانے والی تصاویر کو مداحوں نے کافی سراہا اور ان کے فیشن اور خوبصورتی کی تعریفیں کی گئیں.

اداکارہ ہنزا میں خاتون کی جانب سے بنائے گئے ریسٹورنٹ بھی گئیں اور انہوں نے ان کی حوصلہ افزائی بھی کی جب کہ گلگت کی خوبصورتی اور سیاحت سے متعلق بھی مداحوں کو بتایا.

لارڈ آف رنگز اب برطانیہ میں شوٹ ہوگی

معروف پروڈکشن کمپنی ایمیزون کے مطابق معروف ڈرامے لارڈ آف رنگز کے دوسرے سیزن کو نیوزی لینڈ کے بجائے برطانیہ میں شوٹ کیا جائے گا۔

دی لارڈ آف رنگز کا دوسرا سیزن برطانیہ میں شوٹ کیا جائے گا—فوٹو: اے پی
دی لارڈ آف رنگز کا دوسرا سیزن برطانیہ میں شوٹ کیا جائے گا—فوٹو: اے پی

ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق بہت بڑے بجٹ کی سیریز کے پہلے سیزن کو نیوزی لینڈ میں شوٹ کیا گیا اور اس کی تیاری کے دوران ہزاروں مقامی افراد کو روزگار بھی ملا مگر اب سیریز کے دوسرے سیزن کو برطانیہ میں شوٹ کیا جائے گا، جس پر نیوزی لینڈ کے افراد نے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

اسی نام سے پہلے فلم بھی بنائی جا چکی ہے اور یہ برطانوی مصنف جے آر آر ٹالکین کی اسی کتاب پر بنائی جانے والی سیریز ہے، اس سیریز کے پہلے سیزن کو ستمبر 2022 تک ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔

صنعت کار کو بلیک میل کرنے والی ماڈل گرفتار

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے لاہور سے ماڈل افرا خان کو ایک کاروباری شخص کو بلیک میل کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔

جیو ٹی وی کے مطابق افرا خان صنعت کار کو بلیک میل کرکے ان سے ایک کروڑ روپے وصول کرنا چاہتی تھیں اور اس ضمن میں ماڈل نے تین لاکھ روپے تک وصول بھی کرلیے تھے۔

ماڈل کے خلاف بلیک میلنگ اور بھتہ خوری کا مقدمہ دائر کرکے ان کے خلاف مزید کارروائی بھی شروع کردی گئی۔

اب گانوں کو فلموں کی کمائی کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، جاوید اختر

فلم ساز ، شاعر اور نغمہ نگار جاوید اختر کہتے ہیں کہ اب بولی وڈ فلموں میں گانوں کو صرف کمائی بڑھانے کے طور پر شامل کیا جاتا ہے، کیوں کہ زیادہ تر فلم ساز موسیقی سے دلچسپی نہیں رکھتے اور وہ فلموں کی کمائی کم ہونے پر شرمندہ ہوجاتے ہیں۔

اب گانوں کو فلموں کی کمائی بڑھانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، جاوید اختر—فائل فوٹو: فیس بک
اب گانوں کو فلموں کی کمائی بڑھانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، جاوید اختر—فائل فوٹو: فیس بک

انڈین ایکسپریس کے مطابق جاوید اختر نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ماضی میں گانوں کو فلموں کا حصہ سمجھ کر ان میں شامل کیا جاتا تھا، اب انہیں کمائی کا ٹول سمجھ کر شامل کیا جاتا ہے اور گانے ماضی کے مقابلے تیز موسیقی والے ہوگئےہیں، جن سے شاعری دم توڑ رہی رہے۔

جاوید اختر نے متعدد کامیاب بولی وڈ فلموں کے شہرہ آفاق گانے لکھے ہیں جب کہ وہ فلموں کی کہانی اور ڈائلاگ بھی لکھتے رہے ہیں۔

یومیہ نہ نہانے کی بات پر تنقید کے بعد ایشٹن کچر نے نہانے کی ویڈیو جاری کردی

ہولی وڈ اداکار ایشٹن کچر اور ان کی اہلیہ میلا کونس نے گزشتہ ماہ جولائی میں کہا تھا کہ وہ یومیہ بنیادوں پر نہانا ضروری نہیں سمجھتے، جس کے بعد ان پر تنقید کی گئی تھی اور اب انہوں نے اس حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے نہانے کی ویڈیو بھی جاری کردی۔

شوبز ویب سائٹ کے مطابق یومیہ نہ نہانے کی تنقید کے بعد اداکاروں نے بچوں کو نہلانے کی ویڈیو جاری کی، جس میں انہوں نے بتایا کہ انہوں نے رواں ہفتے میں 4 بار بچوں کو نہلایا۔

یہ بھی پڑھیں: ایشٹن کچر اور ان کی بیوی میلا کونس روزانہ نہانے پر یقین نہیں رکھتے

اس سے قبل ایشٹن کچر اور میلا کونس نے کہا تھا نہ صرف وہ دونوں بلکہ ان کے دونوں کم سن بچے بھی روزانہ نہیں نہاتے اور نہ ہی انہیں نہانے کی ضرورت پڑتی ہے۔

اداکاروں نے کہا تھا وہ اور ان کے بچے روز نہیں نہاتے—فائل فوٹو: انسٹاگرام
اداکاروں نے کہا تھا وہ اور ان کے بچے روز نہیں نہاتے—فائل فوٹو: انسٹاگرام

شو کے دوران میلا کونس نے یہ حیران کن انکشاف بھی کیا تھا کہ انہوں نے اپنے بچوں کی پیدائش کے بعد کئی دن تک انہیں نہیں نہلایا تھا اور وہ اس بات پر یقین نہیں رکھتیں کہ روزانہ نہایا جائے۔

ہما قریشی کی نظر میں اداکار کا کیا کام ہے؟

اداکارہ ہما قریشی کہتی ہیں کہ بطور اداکار ان کا کام صرف اداکاری کرنا ہے ، چاہے وہ سینما میں ریلیز ہونے والی فلم کے لیے ہو یا پھر اسٹریمنگ ویب سائٹس کے لیے بنائی جانے والی فلموں اور ویب سیریز کے لیے ہو۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق ہما قریشی نے فلموں کو سینما کے بجائے اسٹریمنگ ویب سائٹس پر ریلیز کرنے کے سوال پر کہا کہ اب جب کہ کورونا کی وجہ سے سینما بند ہیں تو لوگوں کو مواد دکھانے کے لیے کوئی نہ کوئی متبادل تو تلاش کرنا ہوگا۔

اچھی بات یہ ہے کہ شائقین ڈیجیٹل بھی فلمیں دیکھ رہے ہیں، اداکارہ—فائل فوٹو: انسٹاگرام
اچھی بات یہ ہے کہ شائقین ڈیجیٹل بھی فلمیں دیکھ رہے ہیں، اداکارہ—فائل فوٹو: انسٹاگرام

انہوں نے کہا کہ یہ اچھی بات ہے کہ لوگ آن لائن بھی فلمیں دیکھ رہے ہیں اور وہ بطور اداکار اس وقت کام کرتی رہیں جب تک لوگ مواد دیکھتے رہیں گے۔

ان کے مطابق اداکار کا کام صرف اداکاری کرتے رہنا ہے اور دیکھنے والے پر منحصر ہے کہ وہ کیا اور کیسے دیکھنا چاہتے ہیں؟

ریانا کی زیر جامہ کمپنی پر گانے میں اسلامی مواد کو شامل کرنے پر مقدمہ

بارباڈوس کی گلوکارہ، اداکارہ و ماڈل ریانا کی زیر جامہ (انڈر گارمنٹس) کی کمپنی فینٹی ایکس پر موسیقار نے ترتیب ہوئی موسیقی کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کا مقدمہ دائر کردیا۔

دی انڈیپینڈنٹ کے مطابق ایک نامعلوم موسیقیار نے ریانا کی کمپنی کے خلاف ان کے ترتیب دیے گئے گانے کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے اور گانے کے درمیان اسلامی کلمات کو شامل کرنے کا مقدمہ دائر کرتے ہوئے ان پر ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا ہے۔

ریانا کی انڈر گارمنٹ کمپنی کے خلاف مقدمہ دائر کیا گیا ہے—فائل فوٹو: انسٹاگرام
ریانا کی انڈر گارمنٹ کمپنی کے خلاف مقدمہ دائر کیا گیا ہے—فائل فوٹو: انسٹاگرام

رپورٹ کے مطابق دعویٰ دائر کرنے والے موسیقار کے مطابق انہوں نے تشہیری گانے میں کسی بھی مذہب کے کلمات شامل نہیں کیے تھے مگر ان کے گانے کو توڑ مروڑ کر اس میں اسلامی تعلیمات کے کلمات شامل کیے گئے، جس وجہ سے ان کی شہرت کا نقصان پہنچنے سمیت انہیں دھمکیاں مل رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ریانا پر توہین کا الزام

ریانا کی کمپنی نے 2020 میں ہونے والے ایک فیشن شو میں موسیقار کے گانے کو توڑ مروڑ کر پیش کیا تھا اور اس پر معاملے پر ریانا نے پہلے معذرت بھی کی تھی، تاہم اب ان کی کمپنی کے خلاف مقدمہ دائر کردیا گیا۔

جب عامر خان نے سری دیوی کے ساتھ کام کرنے سے انکار کیا تھا

بولی وڈ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان یوں تو خود سے 25 سال کم عمر اداکارائوں کے ساتھ بھی فلم میں کام کر چکے ہیں، تاہم ماضی میں انہوں نے خود سے زائد العمر ہونے کی وجہ سے سپر اسٹار سری دیوی سے کام کرنے سے انکار کیا تھا۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ماضی میں جب عامر خان نے فلموں مین انٹری دی تو ان کی پہلی فلم قیامت سے قیامت تک کامیاب گئی، جس کے بعد فلم سازوں نے انہیں اس وقت کی مشہور ترین ہیروئنز کے ساتھ کاسٹ کرنے کی خواہش ظاہر کی مگر مسٹر پرفیکشنسٹ سے ایسا ماننے سے انکار کردیا۔

رپورٹ کے مطابق عامر خان نے سری دیوی کے زائد العمر ہونے کی وجہ سے ان کے ساتھ کام کرنے سے انکار کردیا تھا اور کہا تھا کہ اسکرین پر وہ اداکارہ سے کم عمر دکھائی دیں گے۔

اگرچہ عامر خان نے سری دیوی کے ساتھ فلموں میں کام کرنے سے انکار کیا تھا، تاہم انہوں نے ان کے ساتھ اس وقت فوٹوشوٹ کروائے تھے، جنہیں کافی سراہا بھی گیا تھا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ عامر خان سری دیوی سے 5 سال کم عمر ہیں جب کہ وہ خود سے 25 سال کم عمر اداکارائوں کے ساتھ بھی اب کام کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

سری دیوی اور عامر خان نے فوٹوشوٹ کروائے تھے—فائل فوٹو: انسٹاگرام
سری دیوی اور عامر خان نے فوٹوشوٹ کروائے تھے—فائل فوٹو: انسٹاگرام