• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:06pm
  • LHR: Maghrib 5:09pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:11pm Isha 6:36pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:06pm
  • LHR: Maghrib 5:09pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:11pm Isha 6:36pm

ٹی20 ورلڈ کپ کے کچھ یادگار ترین لمحات

آئیے ماضی کے ٹی20 ورلڈ کپ کے کچھ غیر معمولی لمحات کی یاد تازہ کرتے ہیں۔
شائع October 16, 2021 اپ ڈیٹ November 12, 2021

کھیلوں کے کسی بھی بڑے مقابلے کو یاد رکھنے کی ایک وجہ اس میں رونما ہونے والے یادگار واقعات بھی ہوتے ہیں۔ آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2021ء شروع ہونے کو ہے۔ آئیے ماضی کے ٹی20 ورلڈ کپ کے کچھ غیر معمولی اور یادگار لمحات کو تازہ کرتے ہیں۔

کرس گیل کی سنچری

2007ء میں منعقد ہونے والے پہلے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ میزبان جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلا گیا۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے اوپنرز نے جارحانہ انداز اختیار کیے رکھا اور کرس گیل نے ابتدائی 25 گیندوں پر نصف سنچری بنائی اور پھر اگلی 26 گیندوں پر شاندار سنچری مکمل کرلی۔

انہوں نے کل 56 گیندوں پر 117 رنز اسکور کیے اور یوں وہ بین الاقوامی ٹی20 میچوں میں سنچری بنانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔ انہوں نے اس اننگ میں 10 چھکے بھی لگائے۔

گیل نے خاص طور پر جنوبی افریقی باؤلر شان پولاک کو اپنا ہدف بنایا اور ان کی جانب سے کروائی گئی 14 گیندوں پر 44 رنز اسکور کیے۔ گیل کی اس جارحانہ بیٹنگ کے نتیجے میں ویسٹ انڈیز نے جنوبی افریقہ کو 206 رنز کا ہدف دیا۔ بظاہر تو ویسٹ انڈیز کی جیت یقینی لگ رہی تھی، لیکن اس میچ میں ایک اور اہم کام یہ ہوا کہ جنوبی افریقہ نے محض 2 وکٹوں کے نقصان پر ہی یہ ہدف حاصل کرلیا۔

ٹی20 ورلڈ کپ کا پہلا اور آخری بال آؤٹ

ٹی20 کرکٹ میں سپر اوور متعارف ہونے سے قبل بال آؤٹ کا طریقہ اختیار کیا جاتا تھا۔ اس طریقے کے تحت میچ برابر ہونے کی صورت میں دونوں ٹیموں کے باؤلرز کو 5 مرتبہ بال کروا کر وکٹ گرانے کا موقع فراہم کیا جاتا ہے۔ جس ٹیم کے باؤلر زیادہ مرتبہ وکٹ گرائیں گے وہی ٹیم فاتح قرار پائے گی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ میں اس کا استعمال ایک ہی مرتبہ ہوا اور وہ بھی روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلے جانے والے میچ میں۔ یہ میچ 2007ء کے ورلڈ کپ میں 14 ستمبر کو کھیلا گیا گیا۔

بھارت کی جانب سے وریندر سہواگ، ہربھجن سنگھ اور رابن اتھاپا نے بال کرواکر وکٹ گرا دی، مگر پاکستان کی جانب سے یاسر عرفات، عمر گل اور شاہد آفریدی ناکام رہے اور یوں فتح بھارت کے حصے میں آئی۔

یووراج سنگھ کی جانب سے ایک ہی اوور میں 6 چھکے

پہلے ٹی20 ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف کھیلتے ہوئے یووراج سنگھ نے اسٹورٹ براڈ کے اوور میں 6 چھکے لگائے یوں وہ ٹی20 کرکٹ میں ایک ہی اوور میں 6 چھکے لگانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔

اس کے علاوہ انہوں نے صرف 12 بالوں پر نصف سنچری اسکور کرکے ٹی20 کرکٹ کی تیز ترین نصف سنچری بنائی اور اب تک ان کا یہ ریکارڈ کوئی کھلاڑی نہیں توڑ سکا ہے۔

عمر گل کی جانب سے ایک ہی میچ میں 5 وکٹیں

2009ء میں منعقدہ دوسرے ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین 13 جون کو کھیلے گئے میچ میں عمر گل نے نیوزی لینڈ کے خلاف صرف 6 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں، یوں عمر گل بین الاقوامی ٹی20 کرکٹ میں ایک ہی میچ میں 5 وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔

محمد عامر کے ایک ہی اوور میں 5 وکٹیں

2010ء میں منعقدہ آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ میں 2 مئی کو آسٹریلیا اور پاکستان کے مابین گروپ میچ کھیلا گیا۔ آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

19ویں اوور کے اختتام پر آسٹریلیا نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز اسکور کرلیے تھے اور گمان تھا کہ یہ اسکور باآسانی 200 سے اوپر چلے جائے گا، لیکن محمد عامر نے اپنے تاریخی اوور کی بدولت ایسا نہیں ہونے دیا۔

یہ کرکٹ ورلڈ کپ کا وہ تاریخی اوور تھا جس میں ایک دو نہیں، بلکہ 5 کھلاڑی پویلین کی جانب لوٹ گئے۔

اس اوور کی پہلی گیند پر بریڈ ہیڈن کیچ آؤٹ ہوئے۔ دوسری گیند پر عامر نے مچل جانسن کو کلین بولڈ کردیا۔ تیسری گیند پر مائیکل ہسی رن آؤٹ ہوگئے۔ چوتھی گیند اسٹیو اسمتھ رن آؤٹ ہوئے۔ پانچویں گیند پر کوئی رن نہیں بن سکا جبکہ اوور کی آخری گیند پر عامر نے شان ٹیٹ کو بھی بولڈ کرکے ٹی20 ورلڈ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسا اوور کیا جو میڈن بھی رہا اور اس میں 5 کھلاڑی بھی آؤٹ ہوئے۔

مگر بدقسمتی سے محمد عامر کی یہ کارکردگی بھی پاکستان کو فتح سے ہمکنار نہیں کرسکی۔

میچ کے آخری اوور میں کارلوس براتھ ویٹ کے فیصلہ کن چھکے

2016ء میں کھیلے جانے والے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ میں انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلا گیا فائنل شائقین کرکٹ کو ایک طویل عرصے تک یاد رہے گا۔

اس فائنل کے یادگار ہونے کی سب سے بڑی وجہ کارلوس براتھ ویٹ کی جانب سے بین اسٹوکس کو لگائے جانے والے وہ 4 فیصلہ کن چھکے ہیں جنہوں نے آخری اوور میں میچ کا رخ بدل دیا اور شکست کی جانب جاتی ہوئی ویسٹ انڈین ٹیم کو ٹی20 چیپمئن بنادیا۔