6 ستمبر کو یوم دفاع پر عام تعطیل کے حوالے سے زیر گردش نوٹیفکیشن جعلی قرار
وزارت اطلاعات و نشریات نے 6 ستمبر کو عام تعطیل کی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ 6 ستمبر کو یوم دفاع کے موقع پر عام تعطیل کے حوالے سے سوشل میڈیا پر زیر گردش نوٹیفکیشن جعلی ہے۔
وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے جاری بیان میں سوشل میڈیا پر 6 ستمبر کو یوم دفاع کے موقع پر عام تعطیل کے اعلان کے حوالے سے زیر گردش نوٹیفکیشن کو جعلی قرار دے دیا۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ”ایکس“ پر بدھ کو اپنی پوسٹ میں وزارت اطلاعات عام تعطیل کے حوالے سے نوٹیفکیشن کو جعلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جعلی خبریں پھیلانا ناصرف غیر اخلاقی و غیر قانونی ہے بلکہ یہ ملک کے لیے بھی نقصان دہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے غیر ذمہ دارانہ رویے کو مسترد کرنا ہر ایک کی ذمہ داری ہے۔
واضح رہے کہ 1965 کی جنگ میں پاک فوج کے جوانوں کی خدمات کو سلام پیش کرنے کے لیے چھ ستمبر کو یوم دفاع منایا جاتا ہے اور ماضی میں اس دن کی مناسبت سے چھ ستمبر کو عام تعطیل بھی ہوتی تھی۔
تاہم 1998 میں حکومت پاکستان نے 6ستمبر کو عام تعطیل ختم کرنے کا اعلان کردیا تھا تاہم یوم دفاع آج بھی بھرپور جوش و جذبے سے منایا جاتا ہے اور اس دن کی مناسبت سے ملک بھر میں تقریبات کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے۔