کراچی: لیاقت آباد میں غیر قانونی بس اڈے کیخلاف کارروائی، متعدد افراد گرفتار، گاڑیاں ضبط
کراچی کے علاقے لیاقت آباد الکرم اسکوائر پر غیر قانونی بس اڈے پر دوبارہ سے بسیں کھڑی کرنے پر اسسٹنٹ کمشنر نے مقدمہ درج کرواکر گاڑیاں تحویل میں لے لیں اور موقع سے چند افراد کو گرفتار بھی کروا دیا۔
ڈان نیوز کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر لیاقت آباد عمران نذیر نے ڈپٹی کمشنر وسطی کی ہدایت پر الکرم اسکوائر کا اچانک دورہ کیا، اس دوران انہیں وہاں بسیں اور دیگر بڑی گاڑیاں کھڑی ہوئی دکھائی دیں، جس پر انہوں نے فوری کارروائی کی۔
اسسٹنٹ کمشنر نے موقع پر موجود گاڑیاں تحویل میں لے لیں، انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس کی ذمہ داری ہے کہ اب یہاں کوئی بھی گاڑی نہ کھڑی ہو، اب تک اس جگہ پر متعدد چالان اور ایف آئی آرز درج ہوئی ہیں، اور گرفتاریاں بھی ہوئی ہیں، لیکن پھر بھی یہاں غیر قانونی طور پر گاڑیاں کھڑی کر دی جاتی ہیں۔
یاد رہے کہ کراچی میں حالیہ کچھ عرصے میں ہیوی ٹریفک کی وجہ سے حادثات کا سلسلہ بڑھ گیا تھا، جس کے بعد سندھ حکومت نے ہیوی ٹریفک کو مقررہ اوقات کے دوران شہر میں داخلے کے حوالے سے عائد پابندی پر عملدرآمد سخت کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں۔
چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس اور کمشنر کراچی حسن نقوی کے احکامات کے بعد ٹریفک پولیس کی جانب سے ہیوی ٹرکوں، ڈمپرز اور گاڑیوں کے چالان کا سلسلہ بھی تیز کر دیا گیا ہے۔
اس سے قبل بیرسٹر حسن نے سندھ ہائیکورٹ میں پٹیشن دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ شہر میں دو ماہ کے دوران ہیوی ٹریفک کے حادثات میں 74 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں، لہٰذا استدعا ہے کہ حکومت سندھ کو ہیوی ٹریفک کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا جائے۔












لائیو ٹی وی