الرجک بیماریوں سے ’مائیگرین‘ ہونے کا انکشاف
دمے، ناک، آنکھ، کان، گلے اور جسم کے دیگر حصوں کو متاثر کرنے والی الرجک بیماریوں سے مائیگرین ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
متعدد الرجک بیماریاں ایسی ہیں، جن سے متاثرہ افراد کو سانس لینے میں مشکل سمیت دیگر پیچیدگیاں بھی لاحق ہوجاتی ہیں۔
الرجک بیماریوں میں ’چھتے (جلد پر خارش والے سرخ دھبے)،ناک بند ہونا (رائنائٹس)، ناک کے ارد گرد درد اور خارش, گلے میں خراش, چشم آشوب، استھما، اسہال، چہرے کا سرخ ہونا، الٹی آنا، پیٹ میں درد، چہرے اور زبان میں سوجن، سنگین الرجی کی وجہ سے سانس لینے میں مشکلات جیسی بیماریاں شامل ہیں۔
طبی جریدے میں شائع تحقیق کے مطابق ماہرین نے دنیا کے متعدد ممالک میں کی جانے والی الرجک بیماریوں کی 10 تحقیقات کا مطالعہ کیا۔
ماہرین نے ایک کروڑ 40 لاکھ سے زائد افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لینے کے بعد نتائج نکالے تو معلوم ہوا کہ الرجک بیماریاں دیگر مسائل کے ساتھ ساتھ مائیگرین کا سبب بھی بنتی ہیں۔
ماہرین نے تحقیق کے دوران مائیگرین یعنی سر کے آدھے شدید درد کو الرجک بیماریوں سے جوڑا اور کہا کہ متعدد الرجک بیماریاں مائیگرین کا سبب بن سکتی ہیں۔
چینی ماہرین کی جانب سے ایشیا، یورپ اور امریکی ممالک کے الرجک بیماریوں میں مبتلا مریضوں کے ڈیٹا کی گئی جانچ پڑتال سے معلوم ہوا کہ جو افراد ناک اور آنکھوں کی الرجی کا شکار بنتے ہیں، ان میں بھی مائیگرین ہونے کا خطرہ ہوتا ہے۔
ماہرین نے الرجی کی عام قسم جسے معمولی خارش بھی کہا جاتا ہے، اسے مائیگرین سے نہیں جوڑا، تاہم بتایا کہ دائمی الرجی بیماریوں سے مائگرین کے امکانات بڑھتے ہیں۔
ماہرین نے مائیگرین سے بچنے کے لیے الرجک بیماریوں کو طرز زندگی تبدیل کرکے کم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بعض الرجک بیماریاں ادویات سے بھی فوری طور پر ٹھیک نہیں ہوتیں، تاہم طرز زندگی تبدیل کرنے سے ان کی علامات بہتر ہوسکتی ہیں اور ایسے عمل سے مائیگرین سمیت ہونے والی دیگر پیچیدگیوں سے بھی بچا جا سکتا ہے۔
مائگرین جس کو عام الفاظ میں آدھے سر کا درد بھی کہا جاتا ہے (ضروری نہیں کہ یہ درد فقط آدھے سر میں ہی ہو) عام طور پر وقفے وقفے سے ہونے والے سر درد کو بھی مائگرین کہتے ہیں۔
مائگرین میں سر کے درد کے ساتھ ساتھ دوسری علامات مثلاً متلی، قے اور وقتی طور پر بینائی کا متاثر ہونا یا تیز دھوپ، تیز روشنی، تیز آواز، کسی خاص خوشبو یا بدبو وغیرہ سے الجھن شامل ہے جوکہ آپ کی معمول کی زندگی کو متاثر بلکہ بےکار کرسکتی ہیں۔