سندھ کے تحفظات دور ہونے تک نہروں پر ایک انچ کام نہیں ہوگا، کھیئل داس کوہستانی

شائع April 20, 2025
— فوٹو: سوشل میڈیا
— فوٹو: سوشل میڈیا

وفاقی وزیر مملکت برائے مذہبی امور اور بین المذاہت ہم آہنگی کھیئل داس کوہستانی نے واضح کیا ہے کہ سندھ کے تحفظات دور ہونے تک نہروں پر ایک انچ کام نہیں ہوگا۔

حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کھیئل داس کوہستانی کا کہنا تھا کہ اشتعال انگیزی نہیں ہونی چاہیے،صوبوں کولڑانا اچھی بات نہیں، کوئی ایسا یکطرفہ فیصلہ نہیں ہوگا جس سے ایک صوبہ ناراض ہو۔

وزیرمملکت مذہبی امور نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری صرف ایک صوبے کے نہیں بلکہ پاکستان کے رہنما ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت میں احتجاج اور جلسے ہوتے رہتے ہیں لیکن اشتعال انگیزی نہیں ہونی چاہیے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز کھیئل داس کوہستانی کی گاڑی پر ٹھٹہ کے قریب نامعلوم افراد کی جانب سے حملہ کیا گیا تھا جس میں وہ محفوظ رہے تھے۔

ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ٹھٹھہ شہر میں ایک قوم پرست جماعت کے تقریباً درجن بھر کارکنان نے اچانک ان پر حملہ کر دیا، جن کے ہاتھ میں پارٹی کے جھنڈے تھے اور وہ کینالوں کی تعمیر کے خلاف نعرے بازی کر رہے تھے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ یہ سوچی سمجھی سازش کے تحت مجھ پر حملہ کیا گیا جس کا مقصد مجھے نقصان پہنچانا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ مسلم لیگ (ن) پانی سمیت تمام وسائل کی منصفانہ تقسیم پر مکمل یقین رکھتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے پیپلز پارٹی کے ساتھ بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنےکی ہدایت کی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 14 جون 2025
کارٹون : 13 جون 2025