وزیر اعظم 22 اپریل کو ترکیہ کا دورہ کریں گے

شائع April 21, 2025
— فائل فوٹو: پی آئی ڈی
— فائل فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم شہباز شریف 22 اپریل کو ترکیہ کا دورہ کریں گے جہاں وہ صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات سمیت اہم امور پر گفتگو کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف 22 اپریل کو ترکیہ کے شہر انقرہ کا دورہ کریں گے۔

اس دوران دوران وہ ترک صدر رجب طیب اردوان کے ساتھ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ خطے کی حالیہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دیرینہ اتحادیوں اور تزویراتی شراکت داروں کے طور پر پاکستان اور ترکیہ باقاعدہ اعلیٰ سطح کے تبادلوں کی روایت کو برقرار رکھتے ہیں جو دونوں ممالک کے درمیان بھائی چارے کے غیرمعمولی رشتوں کی عکاسی کرتے ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک نے باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تعاون اور ہم آہنگی کے لیے اعلیٰ سطح کے اسٹریٹجک کوآپریشن کونسل کی شکل میں قیادت کی سطح کا طریقہ کار بھی تشکیل دیا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اعلیٰ سطح کا اسٹریٹجک کوآپریشن کونسل کا 7 واں اجلاس اس سال 12 اور 13 فروری کو اسلام آباد میں منعقد ہوا، صدر رجب طیب اردوان اور وزیر اعظم شہباز شریف نے 7 ویں اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔

بیان کے مطابق آئندہ ملاقات اس مضبوط مکالمے کے تسلسل کی نمائندگی کرتی ہے اور پاکستان اور ترکیہ کے درمیان کثیر جہتی شراکت داری کو مزید بلند کرنے کے مشترکہ عزم کو اجاگر کرتی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 13 جون 2025
کارٹون : 12 جون 2025