• KHI: Partly Cloudy 21.6°C
  • LHR: Clear 15.9°C
  • ISB: Partly Cloudy 11.9°C
  • KHI: Partly Cloudy 21.6°C
  • LHR: Clear 15.9°C
  • ISB: Partly Cloudy 11.9°C

واشنگٹن: محمد اورنگزیب کی جی-24 وزرائے خزانہ وگورنرز اجلاس میں شرکت

شائع April 22, 2025
— فوٹو: پی آئی ڈی
— فوٹو: پی آئی ڈی

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی جی-24 وزرائے خزانہ وگورنرز اجلاس میں شرکت کی جہاں انہوں نے پاکستان کی حاصل کردہ میکرو اکنامک استحکام کو اجاگر کیا۔

ڈان نیوز کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے آج واشنگٹن ڈی سی میں منعقدہ جی-24 وزرائے خزانہ اور مرکزی بینک گورنرز کے اجلاس میں شرکت کی۔

یہ اجلاس عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور عالمی بینک گروپ کے 2025 کے موسم بہار کے اجلاس کے موقع پر منعقد ہوا۔

وزیرِ خزانہ نے جی-24 کے دوسرے وائس چیئر کی حیثیت سے بیان دیا، جس میں پاکستان کی حاصل کردہ میکرو اکنامک استحکام کو اجاگر کیا گیا۔

انہوں نے بینکاری کے شعبے کی مضبوط بحالی اور حکومت کی جانب سے کی جانے والی ڈھانچہ جاتی اصلاحات کو اس استحکام کا بنیادی سبب قرار دیا۔

محمد اورنگزیب نے بدلتے ہوئے جیوپولیٹیکل حالات، طلب میں تقسیم، بڑھتے ہوئے تجارتی تحفظ پسندی، اور بیرونی جھٹکوں جیسے تجارتی ٹیرف کے خطرات کے تناظر میں اصلاحات کے تسلسل کی ضرورت پر زور دیا۔

وفاقی وزیرِ خزانہ نے علاقائی تجارتی راہداریوں، تجارتی روابط میں اضافے، اور ساؤتھ- ساؤتھ تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا، اور انہیں سرمایہ کاری، تجارتی بہاؤ اور ترقی پذیر ممالک کے مابین مالی و تکنیکی تعاون بڑھانے کے لیے کلیدی عناصر قرار دیا۔

بعد ازاں، محمد اورنگزیب نے واشنگٹن ڈی سی میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے موسم بہار کے اجلاس 2025 کے موقع پر منعقدہ آئی ایم ایف کے پینل مباحثے ’ریونیو میں درمیانی مدت میں اضافہ‘ میں شرکت کی۔

اس موقع پر اپنی گفتگو میں وزیر خزانہ نے حکومت کی جانب سے ٹیکس بیس کو وسیع اور گہرا کرنے، زراعت، رئیل اسٹیٹ، ریٹیل اور ہول سیل جیسے شعبوں کی قومی جی ڈی پی میں ان کے حصے کے مطابق ٹیکس میں شمولیت بڑھانے، ٹیکس اکٹھا کرنے والے ادارے اور عوام کے درمیان اعتماد کی اہمیت پر زور دیا۔

اس کے علاوہ انہوں نے ایف بی آر کو انسانی وسائل، طریقہ کار اور ٹیکنالوجی کے لحاظ سے جدید بنانے، ٹیکس دہندگان اور ٹیکس جمع کرنے والے کے درمیان رابطے کو کم کرنے، نفاذ اور تعمیل کو مضبوط بنانے، اور مصنوعی ذہانت کی مدد سے حسب ضرورت آڈٹس متعارف کرانے کے اقدامات کو اجاگر کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز واشنگٹن میں وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے عالمی بینک گروپ، آئی ایم ایف کے موسم بہار کے اجلاس کے موقع پر انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کی ریجنل وائس پریزیڈنٹ ہیلا شیخ روحو اور اُن کی ٹیم کے ساتھ ملاقات کی تھی۔

اس موقع پر وزیر خزانہ نے ریکوڈک تانبے اور سونے کی کان کے منصوبے کے لیے 2.5 ارب ڈالر کی قرض فنانسنگ میں آئی ایف سی کے قائدانہ کردار کو سراہا اور اس بات پر زور دیا تھا کہ اس منصوبے کے فوائد مقامی آبادی تک بھی پہنچنے چاہیے۔

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2025
کارٹون : 23 دسمبر 2025