سکھر: لولائی قبیلے کا قتل کا بدلہ لینے کیلئے حملہ، مبینہ ملزم بیوی، ماں اور بھائی سمیت قتل
سکھر میں لولائی قبیلے کے ایک گروپ نے چند ہفتے قبل قتل کیے گئے اپنے ساتھی کا بدلہ لینے کے لیے مبینہ ملزم کو اس کی بیوی، ماں اور بھائی سمیت گولی مار کر قتل کر دیا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اس حملے میں شریک مبینہ قاتلوں میں سے ایک گل حسن لولائی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ویڈیو پیغام میں دعویٰ کیا کہ اس نے اللہ جوایو کورائی کے پورے خاندان کو ختم کردیا ہے، جس نے کچھ عرصہ قبل میرے بھائی مینہال لولائی کو قتل کیا تھا۔
گھوٹکی کے قصبے خان پور مہر کے علاقے ہیکل پاٹ کے رہائشیوں کے مطابق حملہ آور پیر کی رات اللہ جویو کورائی کے گھر میں گھس گئے اور اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ان کی اہلیہ شریفاں، والدہ اختیاراں اور چھوٹے بھائی گل میر کورائی جاں بحق ہوگئے۔
ایک نوجوان لڑکا ممتاز کورائی، جس کا خاندان کے ساتھ فوری طور پر تعلق کا پتا نہیں چل سکا، اسے بھی حملے میں گولی لگی۔
اپنے ویڈیو پیغام میں گل حسن لولائی نے دعویٰ کیا کہ اللہ جویو کورائی نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر ان کے بھائی مینہال کو اس وین سے باہر آنے پر مجبور کیا، جس میں وہ سفر کرنا چاہتے تھے، اس کے بعد کورائی نے اسے سمیتو چوک کے قریب قتل کر دیا تھا۔
محلے کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ خان پور مہر، داد لغاری اور مبارک پور تھانوں کے درمیان دائرہ اختیار کے تنازع کی وجہ سے واقعے کے بعد لاشوں کو کئی گھنٹوں تک کسی بھی ہسپتال منتقل نہیں کیا جا سکا۔
آخر کار، خان پور مہر پولیس کی ایک ٹیم نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم جانچ کے لیے تعلقہ ہسپتال لے جانے کے لیے ایک منی ٹرک کا انتظام کیا۔
بعد ازاں لاشوں کو ورثا کے حوالے کردیا گیا۔
متاثرہ خاندان کے رشتہ داروں نے بتایا کہ دراصل وہ مرید شاخ کے رہنے والے تھے اور کچھ عرصہ قبل سردار گڑھ کے ہیکل پاٹ علاقے میں منتقل ہوئے تھے۔
انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ لولائی برادری سے تعلق رکھنے والے ایک خاندان کے ساتھ ان کی پرانی دشمنی تھی۔
گھوٹکی کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو نے ’ڈان‘ کو بتایا کہ میرپور ماتھیلو کے ڈی ایس پی اور خان پور مہر اور داد لغاری تھانوں کے ایس ایچ اوز نے جائے وقوع کا دورہ کیا اور اپنی تحقیقات کے لیے شواہد اکٹھے کیے۔
ذرائع کے مطابق ایس ایس پی نے واقعے کے بعد خان پور مہر کے ایس ایچ او کفایت اللہ ناریجو کی جگہ قادر بخش شر کو تھانیدار تعینات کردیا ہے۔