حج آپریشن کا آغاز، اسلام آباد سے پی آئی اے کی پرواز 442 عازمین کو لیکر مدینہ منورہ روانہ
پاکستان سے حج آپریشن کا آغاز کر دیا گیا، اسلام آباد سے قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی پہلی حج پرواز 442 عازمین کو لیکر مدینہ منورہ کے لیے روانہ ہوگئی۔
ڈان نیوز کے مطابق اسلام آباد سے حج آپریشن کی پہلی پرواز پی کے 713، صبح 4 بج کر 45 منٹ پر 442 عازمین حج کو لے کر مدینہ روانہ ہوئی۔
اسلام آباد میں عازمین حج کو وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف، سعودی سفیر نواف المالکی اور پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) ایئر وائس مارشل عامر حیات نے رخصت کیا۔
کوئٹہ سے پہلی حج پرواز پی کے 7201 صبح 10 بجے 170 حجاج کو لے کر روانہ ہوگئی۔
لاہور سے پہلی حج پرواز پی کے 747 رات 10 بجے 323 مسافروں کو لے کر مدینہ روانہ ہوگی۔
پی آئی اے تقریباً 35 ہزار 200 سرکاری عازمین حج کو 117 سے زائد خصوصی پروازوں کے ذریعے حجاز مقدس پہنچائے گی۔
پہلے مرحلے میں عازمین حج کی خصوصی پروازیں پاکستان سے مدینہ کے لیے روانہ ہوں گی، دوسرے مرحلے میں حج پروازیں جدہ جائیں گی۔
پی آئی اے اسلام اباد ، کراچی ، لاہور ، پشاور ، ملتان ، اور کوئٹہ سے براہ راست حج پروازیں آپریٹ کرے گی۔
اسلام آباد اور کراچی ایئرپورٹ پر سعودی حکومت کے اشتراک سے طریق مکہ (روڈ ٹو مکہ)کی سہولتیں دستیاب ہوں گی، روڈ ٹو مکہ سے حجاج سعودی امیگریشن پاکستان سے کروا کے جائیں گے۔
پی آئی اے کا قبل از حج آپریشن 31 مئی تک جاری رہے گا، بعد از حج آپریشن کا آغاز 10 جون سے ہو گا اور 10 جولائی کو اختتام پذیر ہوں گی۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے آگاہ کیا تھا کہ رواں سال 90 ہزار پاکستانی سرکاری اسکیم کے تحت حج کریں گے، سعودیہ اور پاکستان میں تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے، مختصر مدت کے حج کے 11 لاکھ 50 ہزار روپے اور طویل مدتی حج کے 10 لاکھ 50 ہزار رکھے گئے ہیں۔
رواں ماہ کے آغاز میں لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے مزید بتایا تھا کہ حج اور عمرے کے انتظامات کر نا میری وزارت کا کام ہے، رمضان میں خود جا کر سعودیہ میں انتظامات کا جائزہ لیا تھا، 28 اپریل سے حج آپریشن کا آغاز متوقع ہے، رمضان سے قبل حاجیوں کی تربیت کا پہلا مرحلہ مکمل کرلیا تھا۔












لائیو ٹی وی