ادھیڑ عمری میں متحرک رہنا، ورزش کرنا ’الزائمر‘ سے بچانے میں مددگار

شائع April 30, 2025
—فوٹو: شٹر اسٹاک
—فوٹو: شٹر اسٹاک

یورپی ماہرین کی جانب سے کی جانے والی ایک نئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ ادھیڑ عمری اور خصوصی طور پر 45 سال کی عمر کے بعد جسمانی طور پر متحرک رہنے والے افراد میں ’الزائمر‘ ہونے کا امکان نمایاں حد تک کم ہوجاتا ہے۔

جسمانی طور پر متحرک رہنے یا ورزش کو معمول بنانے سے نہ صرف انسان کی جسمانی صحت بہتر ہوتی ہے بلکہ اس سے ذہنی اور دل کی صحت بھی بہتر ہوتی ہے۔

ماضی میں کی جانے والی متعدد تحقیقات میں یہ ثابت ہوچکا ہے کہ متواتر ورزش کرنے والے افراد نہ صرف ذہنی اور جسمانی طور پر صحت مند رہتے ہیں بلکہ ایسے افراد امراض قلب سمیت دیگر سنگین دماغی بیماریوں سے بھی محفوظ رہتے ہیں۔

تازہ تحقیق سے معلوم ہوا کہ جسمانی طور پر متحرک رہنے یا ورزش کو اپنا معمول بنانے سے ’الزائمر‘ کی بیماری کا سبب بننے والی پروٹین دماغ میں جمع نہیں ہوتی۔

طبی ویب سائٹ میں شائع تحقیق کے مطابق یورپی ماہرین کی جانب سے 400 افراد پر کی جانے والی تحقیق سے معلوم ہوا کہ ادھیڑ عمری میں جسمانی طور پر متحرک رہنے والے افراد ’الزائمر‘ سمیت اسی طرح کی دوسری بیماریوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔

ماہرین نے جن رضاکاروں پر تحقیق کی، ان کے خاندان میں ’الزائمر‘ کی بیماری عام تھی اور تمام رضاکاروں کی عمریں 45 سال سے زائد تھیں اور ماہرین نے چار سال تک ان پر تحقیق کی۔

ماہرین نے تمام رضاکاروں کو مختلف گروپوں میں تقسیم کیا اور انہیں ان کی جانب سے کی جانے والی ورزش کے حساب سے الگ الگ جانچا اور پھر ان کے دماغی نیورونز کو جانچنے کے لیے ان ٹیسٹس بھی کیے گئے۔

ماہرین نے پایا کہ ادھیڑ عمری اور خصوصی طور پر 45 سے 55 سال کی عمر کے درمیان زیادہ جسمانی متحرک ہونے والے افراد کے دماغ ’الزائمر‘ کی بیماری کا سبب بننے والی پروٹین کی مقدار انتہائی کم پائی گئی۔

ماہرین نے پایا کہ متوسط جسمانی طور پر متحرک رہنا یا ورزش کرنے کے نتائج بھی اچھے ثابت ہوئے، یہاں تک کہ انتہائی سست رفتار جسمانی طور پر متحرک رہنے والے افراد اور کم ورزش کرنے والے لوگوں کے دماغ میں بھی ’الزائمر‘ کا سبب بننے والی پروٹین کی مقدار انتہائی کم پائی گئی۔

ماہرین نے کہا کہ ادھیڑ عمر افراد کو ہفتہ 150 منٹ یا اس سے زائد تک جسمانی طور پر متحرک رہنا چاہیے، انہیں ورزش کرنے سمیت پیدل چلنا چاہیے، ایسی عادات کو معمول بنانے سے ’الزائمر‘ سمیت دیگر دماغی بیماریوں سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2025
کارٹون : 22 دسمبر 2025