بولی وڈ کی منافقت پر بات کرتے ہوئے بابل خان رو پڑے، ویڈیو وائرل
بولی وڈ کے مرحوم اداکار عرفان خان کے بیٹے اور اداکار بابل خان کی جانب سے فلم اںڈسٹری کی منافقت پر بات کرنے کے دوران اشک بار ہونے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
’ہندوستان ٹائمز‘ کے مطابق دو روز قبل بابل خان کے انسٹاگرام کی اسٹوریز میں مختصر ویڈیوز شیئر کی گئی تھیں، جن میں اداکار بولی وڈ کی منافقت پر بات کرتے دکھائی دیے۔
مختصر ویڈیوز میں انہوں نے بولی وڈ انڈسٹری کو منافق، دکھاوے کی انڈسٹری اور جھوٹی دنیا قرار دیا تھا۔
ویڈیوز میں بابل خان کو انتہائی جذباتی انداز میں بولی وڈ کی منافقت پر بات کرتے دیکھا گیا، ویڈیوز میں انہیں انتہائی افسردہ دیکھا گیا تھا۔
بعد ازاں ان کا انسٹاگرام اکاؤنٹ بھی غائب ہوگیا، تاہم تب تک اداکار کی جانب سے بولی وڈ کی منافقت پر روتے ہوئے بات کرنے کی ویڈیوز وائرل ہوچکی تھیں، جن پر ان کے مداح بھی پریشان دکھائی دیے۔
بعد ازاں سوشل میڈیا پر ان کی وائرل ہونے والی ویڈیوز میں بابل خان کو بولی وڈ کی منافقت پر بات کرنے کے دوران چند اداکاروں اور گلوکاروں کے نام لیتے بھی سنا جا سکتا ہے۔
اداکار نے منافقت پر روتے ہوئے بات کرتے ہوئے ’اننیا پانڈے، شنایا کپور، سدھانت چترویدی، راگھو جوئیل، آدرش گوراو، ارجن کپور اور اریجیت سنگھ‘ کے نام بھی لیے، تاہم وائرل ویڈیوز سے محسوس ہوتا ہے کہ بابل خان کے کچھ الفاظ کاٹ کر ویڈیوز وائرل کی گئیں۔
بابل خان کی جانب سے بولی وڈ کی منافقت پر روتے ہوئے بات کرنے کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد ان کی ٹیم اور والدہ کی جانب سے وضاحتی بیان بھی جاری کیا گیا۔
’انڈین ایکسپریس‘ کے مطابق بابل خان کی ٹیم کی جانب سے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا گیا کہ اداکار کی وائرل ویڈیوز ایڈٹ شدہ ہیں، انہیں تبدیل کرکے پھیلایا گیا۔
بیان کے مطابق بابل خان نے جن اداکاروں اور گلوکاروں کے نام لیے، انہیں اداکار نے انڈسٹری کے روشن ستارے اور ابھرتے ہوئے فنکار کہا لیکن وائرل ویڈیوز میں تاثر دیا گیا کہ بابل خان ان کی منافقت پر بات کر رہے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ بابل خان کے بیان اور ویڈیوز کو غلط انداز میں پیش کیا گیا، انہوں نے ایسا نہیں کہا، جیسا وائرل ویڈیوز میں دکھایا گیا۔
بیان میں اعتراف کیا گیا کہ باقی اداکاروں کی طرح بابل خان بھی مسائل سے گزرتے ہیں، وہ بھی مسائل سے دوچار ہیں لیکن ان کے مداحوں کو تشویش کرنے کی ضرورت نہیں، اداکار جلد صحت یاب اور اچھی صورت میں سب کے سامنے آئیں گے۔
بابل خان کی ٹیم اور والدہ کی جانب سے جاری بیان کے بعد مرحوم عرفان خان کے بیٹے کی ذہنی صحت سے متعلق بھی چہ مگوئیاں ہیں اور خبریں ہیں کہ وہ شدید ڈپریشن کا شکار ہیں۔
ان کی رونے کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد اننیا پانڈے سمیت دیگر شوبز شخصیات نے ان کی حمایت میں پوسٹس بھی کیں اور ان کی جلد بہتری کی دعائیں بھی کیں۔
خیال رہے کہ بابل خان والد کے انتقال کے بعد فلموں میں آئے تھے، ان کی فلمیں اور ویب سیریز ریلیز ہو چکی ہیں اور ان کا شمار بولی وڈ کے ابھرتے ہوئے فنکاروں میں ہوتا ہے۔
عرفان خان اپریل 2020 میں کینسر کے باعث انتقال کر گئے تھے، ان کے بیٹے بابل خان نے دسمبر 2022 میں فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔












لائیو ٹی وی