روس پاک بھارت کشیدگی میں کمی کیلئے اہم کردار ادا کرسکتا ہے، صدرمملکت
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاک بھارک کشیدگی کم کرنے اور علاقائی صورتحال بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے روسی فیڈریشن کی جنگ میں فتح کی 80 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نازی ازم کے خلاف روسی فتح کا دن جنگ اور امن کی قیمت یاد دلاتا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ پاکستان اور روس کے درمیان دوستی کے رشتے مزید مضبوط ہوں گے، انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے پاس تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور عوامی روابط کے میدان میں تعاون کو وسعت دینے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔
صدرِ مملکت نے روسی صدر ولادی میر پوتن، روسی حکومت اور عوام کو اس موقع پر دلی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ فتح روسی عوام کی استقامت، قوت اور امن و خوشحالی کے لیے ان کے پختہ عزم کی مظہر ہے۔
انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ وادیِ سندھ کے لوگوں جو آج کے پاکستان میں آباد ہیں،نے بھی نازی ازم کے خلاف جنگ میں برطانوی فوج کے تحت اہم کردار ادا کیا۔
صدرمملکت آصف علی زرداری نے 2011ء میں اپنے دورہ روس کا ذکر کرتے ہوئے صدر ولادی میر پوتن کی جانب سے پاک-روس دوستی کے فروغ کیلئے کی گئی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے روس کو ایک ’ اہم عالمی طاقت’ قرار دیا اور خاص طور پر جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے فروغ اور پاکستان و بھارت کے درمیان کشیدگی میں کمی کے لیے روس کے کردار کو سراہا۔
صدرِ مملکت نے پاکستان اور روس کے درمیان مفاہمت اور تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا اور خطے و دنیا کے بہتر مستقبل کے لیے باہمی اشتراکِ عمل پر زور دیا۔












لائیو ٹی وی