مائیک ہیسن پاکستان وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ، عاقب جاوید ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس مقرر

شائع May 13, 2025
— فائل فوٹو: کرک انفو
— فائل فوٹو: کرک انفو

نیوزی لینڈ کے مائیک ہیسن کو پاکستان کی وائٹ بال ٹیم کا ہیڈ کوچ جبکہ سابق عبوری ہیڈکوچ عاقب جاوید کو ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس تعینات کردیا گیا ہے۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’متعدد درخواستوں پر غور کرنے کے بعد میں یہ اعلان کرتا ہوں کہ نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹر مائیک ہیسن کو قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کرلیا گیا ہے اور وہ 26 مئی سے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔‘

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کےسابق ہیڈ کوچ مائیک ہیسن عاقب جاوید کی جگہ پاکستان کے ہیڈ کوچ بننے کے لیے مضبوط امیدوار تھے، وہ اس وقت اسلام آباد یونائیٹڈ کے بھی ہیڈ کوچ ہیں۔

گیری کرسٹن کے مستعفیٰ ہونے کے بعد عارضی کوچ کے طور پر خدمات سرانجام دینے والے عاقب جاوید کا معاہدہ بھی فروری 2025 میں ختم ہوگیا تھا۔

دوسری طرف قومی کرکٹ ٹیم کے سابق عبوری ہیڈ کوچ عاقب جاوید کو ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس مقرر کردیا گیا ہے۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ’ایکس‘ پر اپنی دوسری پوسٹ میں کہا کہ ’کرکٹ کے بنیادی ڈھانچےکومضبوط کرنے کے لیے عاقب جاوید کو ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس تعینات کیا گیا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ مائیک ہیسن اور عاقب جاوید مل کر کرکٹ کی ترقی اور کامیابی میں اہم کردار ادا کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2025
کارٹون : 22 دسمبر 2025