مصباح الحق کو دوبارہ قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ بنائے جانے کا امکان
قومی وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے بعد ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈکوچ کی تعیناتی کی تیاری شروع ہوگئی جس کے لیے مصباح الحق اور سرفراز احمد کا نام زیر غور ہیں۔
ڈان نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور کوچ مصباح الحق کو ایک بار پھر سے کوچنگ کی ذمہ داری دیے جانے کا امکان ہے اور وہ قومی ٹیسٹ ٹیم کی کوچنگ کے لیے مضبوط امیدوار ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے نیوزی لینڈ کے مائیک ہیسن کو پاکستان کی وائٹ بال ٹیم کا ہیڈ کوچ اور عاقب جاوید کو ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس تعینات کرنے کا اعلان کیا تھا۔
یوں، جیسن گلیسپی کے مستعفی ہونے کے بعد ہیڈکوچ کی عارضی ذمہ داری سنبھالنے والے عاقب جاوید کی ہائی پرفارمنس سینٹر میں تعیناتی کے بعد ٹیسٹ ٹیم کے کوچ کا عہدہ خالی ہے اور پی سی بی چند روز میں ہیڈکوچ کا نام فائنل کرلے گا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم رواں سال جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ چمپئن شپ 27-2025 کا باقاعدہ آغاز کرے گی جس کے لیے مصباح الحق قومی ٹیسٹ کی کوچنگ کے لیے مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آرہے ہیں۔
چیئرمین پی سی بی نے گزشتہ روز ہی چمپئینز کپ کے تمام مینٹورز کو فارغ کردیا تھا جن میں ثقلین مشتاق، مصباح الحق، شعیب ملک، وقار یونس اور سرفراز احمد شامل ہیں، تاہم ساتھ ہی مصباح اور سرفراز کو نئی ذمہ داریاں دینے کا اشارہ بھی کیا تھا۔
اس سے قبل، مصباح الحق پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر بھی رہ چکے ہیں جب کہ وہ 2019 سے 2021 تک قومی ٹیم کی کوچنگ کے فرائض بھی انجام دے چکے ہیں۔
واضح رہے کہ اکتوبر 2024 میں پاکستان وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے، انہوں نے پی سی بی اور سلیکشن کمیٹی کے رکن عاقب جاوید سے اختلافات کی وجہ سے استعفیٰ دیا۔
بعد ازاں، جیسن گیلسپی نے آسٹریلیا میں پاکستان کی ون ڈے ٹیم کی عبوری کوچنگ کی ذمہ داری سنبھالی تھی۔
تاہم، دسمبر میں دورہ جنوبی افریقہ کے لیے اسسٹنٹ کوچ ٹم نیلسن کے کنٹریکٹ میں توسیع نہ کرنے پر جیسن گلیسپی پی سی بی سے ناراض ہوگئے اور انہوں نے جنوبی افریقہ جانے سے انکار کر دیا تھا۔
جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے عاقب جاوید کو چیمپئنز ٹرافی 2025 تک قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا عبوری ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا تھا۔












لائیو ٹی وی