قطر، امریکا کے درمیان بوئنگ طیاروں کا تاریخی معاہدہ
امریکا اور قطر کے درمیان اربوں ڈالر کے بوئنگ طیاروں اور دفاعی تعاون کے معاہدوں پر دستخط ہوگئے، قطر ایئرویز نے امریکی طیارہ ساز کمپنی سے 160 بوئنگ طیاروں کی خریداری کا معاہدہ کرلیا۔
غیر ملکی خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کے دوحہ میں شاہی محل پہنچنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شاندار استقبال کیا گیا۔
ٹرمپ کی قطر میں موجودگی کے دوران قطر کی قومی ایئرلائن، قطر ایئرویز نے امریکی بوئنگ کمپنی سے 200 ارب ڈالر سے زائد کے 160 طیاروں کے معاہدے پر دستخط کیے گئے۔
علاوہ ازیں، دنوں ممالک میں دفاعی معاہدے ہوئے جن میں امریکی ایم کیو نائن بی ڈرونز کی فروخت کی منظوری بھی شامل ہے۔ ٹرمپ اور قطر کے امیر، شیخ تمیم بن حمد الثانی، نے دوحہ میں اس معاہدے کی دستخطی تقریب میں شرکت کی۔
بعد ازاں، صحافیوں سے گفتگو کے دوران، ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اس معاہدے کی مالیت 200 ارب ڈالر ہے اور اس میں 160 طیارے شامل ہیں، یہ زبردست ہے اور یہ ایک ریکارڈ ہے جس کے لیے بوئنگ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
یاد رہے کہ یہ معاہدہ ٹرمپ کے خلیجی ریاستوں کے دورے کے دوران دوسرے مرحلے میں ہوا، اس سے قبل انہوں نے منگل کے روز سعودی عرب کے ساتھ کئی معاہدوں پر دستخط کیے تھے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ قطر ایئرویز کے سی ای او بدر محمد المیر کے ساتھ معاہدے پر دستخط کرنے والے بوئنگ کمپنی کے سی ای او کیلی آرٹبرگ نے مجھے بتایا ’یہ بوئنگ کی تاریخ کا سب سے بڑا طیاروں کا آرڈر ہے اور یہ بہت اچھا ہے‘۔
شام پر پابندی ہٹانے سے متعلق سوال پر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ شام پر عائد پابندیاں اٹھانے کے حوالے سے اسرائیل کو آگاہ کردیا ہے جب کہ شام کے صدر بہترین انسان ہیں اس لیے انہیں موقع دینا مناسب سمجھا۔
مزید کہا کہ اسرائیل کافی عرصے سے جنگ لڑ رہا ہے اورہماری کوششوں کی وجہ سے یرغمالی زندہ ہیں۔
تاہم، یہ واضح نہیں ہے کہ اس معاہدے میں کون سے بوئنگ ماڈل شامل ہیں اور آیا قطر کی جانب سے یہ آرڈر پکے ہیں، جن میں ایڈوانس ڈپازٹ اور متعدد قانونی شرائط شامل ہوتی ہیں، یا صرف یہ ایک آپشن کی صورت میں ہیں۔
بوئنگ اب اپنی طیاروں کی قیمتوں کی فہرست جاری نہیں کرتی تاہم اس کے سب سے مہنگے طیارے ’ٹرپل سیون ایکس‘ کی شائع شدہ قیمت کو دیکھا جائے تو 160 طیاروں کا یہ معاہدہ تقریباً 70 ارب ڈالر کے برابر بنتا ہے۔












لائیو ٹی وی