• KHI: Sunny 28°C
  • LHR: Partly Cloudy 22.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 22.2°C
  • KHI: Sunny 28°C
  • LHR: Partly Cloudy 22.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 22.2°C

فلائی دبئی نے پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آپریشنز کا آغاز کردیا

شائع May 17, 2025
پشاور کیلئے پروازیں دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل 2 سے آپریٹ ہوں گی — فوٹو: پی اے اے
پشاور کیلئے پروازیں دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل 2 سے آپریٹ ہوں گی — فوٹو: پی اے اے

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے کہا ہے کہ فلائی دبئی نے پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اپنے آپریشنز کا آغاز کر دیا ہے، جمعہ کو فلائی دبئی کی پرواز ایف زیڈ 375 دبئی سے مسافروں کو لے کر پہنچ گئی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق فلائی دبئی کی پہلی پرواز میں 164 مسافر سوار تھے، پرواز کا استقبال جشن منانے کے لیے ’پانی کی توپ‘ سے کیا گیا، اس کے بعد کیک کاٹنے کی تقریب ہوئی جس میں اعلیٰ حکام، ایئرپورٹ منیجر اور فلائی دبئی کے نمائندوں نے شرکت کی۔

بعد ازاں پشاور سے دبئی کی پہلی پرواز ایف زیڈ 375 اپنے 185 مسافروں کو لے کر رات 2 بج کر 20 منٹ پر پشاور سے دبئی کے لیے روانہ ہوئی۔

رواں ماہ کے اوائل میں فلائی دبئی نے اعلان کیا تھا کہ وہ 15 مئی سے پشاور کے لیے روزانہ سروس کا آغاز کرے گی، ایئرلائن نے کہا کہ باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ، (جسے پشاور ایئرپورٹ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے) کے لیے پروازیں دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ (ڈی ایکس بی) کے ٹرمینل 2 سے آپریٹ ہوں گی۔

ایئرلائن کا کہنا ہے کہ وہ دبئی اور پشاور کے درمیان روزانہ پرواز چلائے گی، جس سے متحدہ عرب امارات اور اس خطے کے صارفین کو سفر کے لیے مزید آپشنز میسر آئیں گے۔

ایئر لائن کے پاکستان کے لیے نیٹ ورک میں پہلے ہی کراچی، فیصل آباد، اسلام آباد، لاہور، ملتان، کوئٹہ اور سیالکوٹ کے لیے پروازیں شامل ہیں۔

فلائی دبئی نے پشاور کی اہمیت کو اجاگر کیا، اس کی تاریخی اہمیت کا ذکر کیا، جو جنوبی ایشیا کے قدیم ترین شہروں میں سے ایک ہے اور اس کے تاریخی مقامات جیسے قلعہ بالاحصار اور قصہ خوانی بازار (جو کبھی شاعروں اور تاجروں کا مرکز تھا) کا حوالہ دیا۔

دبئی سے پشاور کے لیے بزنس کلاس کے کرایے 5 ہزار 270 درہم سے شروع ہوتے ہیں، جبکہ اکانومی کلاس کے کرائے ایک ہزار 300 درہم سے شروع ہوتے ہیں۔

پشاور سے دبئی کے لیے بزنس کلاس کے کرایے 3 لاکھ 91 ہزار 600 روپے سے شروع ہوتے ہیں اور اکانومی کلاس کے کرائےایک لاکھ 4 ہزار 950 روپے سے شروع ہوتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 17 دسمبر 2025
کارٹون : 16 دسمبر 2025