• KHI: Partly Cloudy 21.8°C
  • LHR: Clear 14.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 10.1°C
  • KHI: Partly Cloudy 21.8°C
  • LHR: Clear 14.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 10.1°C

جاپانی سائنسدانوں نے سمندر کے پانی میں تحلیل ہونے والا پلاسٹک تیار کرلیا

شائع June 5, 2025
نیا مادہ تیل سے بننے والے روایتی پلاسٹک کی طرح مضبوط ہے، لیکن جب نمک کے ساتھ واسطہ پڑتا ہے تو یہ اپنے اصل اجزا میں تحلیل ہو جاتا ہے— فوٹو: رائٹرز
نیا مادہ تیل سے بننے والے روایتی پلاسٹک کی طرح مضبوط ہے، لیکن جب نمک کے ساتھ واسطہ پڑتا ہے تو یہ اپنے اصل اجزا میں تحلیل ہو جاتا ہے— فوٹو: رائٹرز

جاپان میں محققین نے ایک ایسا پلاسٹک تیار کیا ہے جو سمندری پانی میں چند گھنٹوں کے اندر تحلیل ہو جاتا ہے، یہ ایجاد سمندروں کو آلودہ کرنے اور آبی حیات کو نقصان پہنچانے والے جدید دور کے ایک بڑے مسئلے کا ممکنہ حل ہوسکتی ہے۔

ڈان اخبار میں شائع خبر کے مطابق اگرچہ سائنسدان کافی عرصے سے بایوڈیگریڈیبل (قدرتی طور پر تحلیل ہونے والے) پلاسٹک پر تجربات کر رہے ہیں، لیکن ریکن سینٹر فار ایمرجینٹ میٹر سائنس اور ٹوکیو یونیورسٹی کے محققین کا کہنا ہے کہ ان کا تیار کردہ نیا مادہ بہت تیزی سے تحلیل ہوتا ہے اور کوئی باقیات نہیں چھوڑتا۔

ٹوکیو کے قریب واقع واکو شہر کی ایک لیبارٹری میں ٹیم نے تجرباتی طور پر ایک چھوٹے سے پلاسٹک کے ٹکڑے کو نمکین پانی میں ہلچل دے کر تقریباً ایک گھنٹے میں مکمل طور پر غائب ہوتے دکھایا۔

اگرچہ ٹیم نے ابھی اس ایجاد کو تجارتی سطح پر لانے کا کوئی تفصیلی منصوبہ پیش نہیں کیا، لیکن پروجیکٹ کے سربراہ تاکوزو آئیدا کے مطابق ان کی تحقیق کو نمایاں دلچسپی حاصل ہوئی ہے، خاص طور پر پیکیجنگ سیکٹر سے تعلق رکھنے والے افراد نے خاصی دلچسپی کا مظاہرہ کیا ہے۔

دنیا بھر میں سائنسدان پلاسٹک کے بڑھتے ہوئے فضلے کے بحران سے نمٹنے کے لیے نت نئے حل تلاش کرنے کی دوڑ میں مصروف ہیں، یہ کوششیں 5 جون کو منائے جانے والے عالمی یوم ماحولیات جیسی آگاہی مہمات کے ذریعے تقویت پا رہی ہیں۔

اقوامِ متحدہ کے ماحولیاتی ادارے (یو این ای پی) کی پیش گوئی کے مطابق پلاسٹک کی آلودگی 2040 تک 3 گنا بڑھ جائے گی اور ہر سال 2 کروڑ 30 لاکھ سے 3 کروڑ 70 لاکھ میٹرک ٹن پلاسٹک فضلہ دنیا کے سمندروں میں شامل ہوگا۔

تاکوزو آئیدا نے کہا کہ ’بچے وہ سیارہ منتخب نہیں کر سکتے جس پر انہیں زندگی گزارنی ہے، یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم بطور سائنسدان انہیں ہرممکن بہترین ماحول فراہم کریں‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیا تیار کردہ مادہ تیل سے بننے والے روایتی پلاسٹک کی طرح مضبوط ہے، لیکن جب نمک کے ساتھ واسطہ پڑتا ہے تو یہ اپنے اصل اجزا میں تحلیل ہو جاتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2025
کارٹون : 21 دسمبر 2025