عمر شہزاد نے مسجد نبوی ﷺ میں نکاح کو اللہ کا معجزہ قرار دے دیا
معروف ماڈل و اداکار عمر شہزاد نے کہا ہے کہ ان کی اہلیہ کی خواہش تھی کہ ان کا نکاح مدینہ منورہ میں ہو اور یہ اللہ تعالیٰ کا ایک معجزہ تھا کہ ان کا نکاح مسجد نبوی ﷺ میں ممکن ہو پایا۔
اداکار نے حال ہی میں مارننگ شو میزبان مدیحہ نقوی کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی نجی زندگی اور نکاح سے متعلق کئی اہم باتیں مداحوں سے شیئر کیں۔
عمر شہزاد نے بتایا کہ ان کا ملک سے باہر نکاح کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا، لیکن جب اس موضوع پر اہلیہ سے بات ہوئی تو انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ نکاح مدینے میں ہونا چاہیے۔
اداکار کے مطابق ان کے ایک دوست مکہ مکرمہ میں مقیم ہیں، جب ان سے مشورہ کیا تو انہوں نے کہا کہ مکے میں نکاح آسانی سے ہوسکتا ہے، لیکن مدینے میں نکاح کی اجازت ملنا کچھ مشکل ہے کیونکہ مسجد نبوی ﷺ میں اس طرح کی تقریبات کے باعث ہجوم جمع ہو جاتا ہے، اسی لیے اکثر اوقات وہاں اجازت نہیں دی جاتی۔
عمر شہزاد نے مزید بتایا کہ نکاح کی تقریب میں صرف 21 قریبی افراد شریک تھے، ہم وہاں گروپ کی صورت میں جانے کے بجائے الگ الگ گئے تاکہ سیکیورٹی کو شک نہ ہو کہ ہم نکاح کے لیے جا رہے ہیں، پھر جب ایک جگہ خالی ملی تو ہم صف بنا کر بیٹھ گئے اور نکاح ہوگیا۔
اداکار کے مطابق یہ سب اللہ تعالیٰ کا معجزہ تھا کیونکہ بار بار یہی ڈر تھا کہ کہیں سیکیورٹی کو معلوم نہ ہو جائے، لیکن الحمدللہ نکاح بخوبی انجام پاگیا۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ نکاح مسجد نبوی ﷺ کے ایک امام نے پڑھایا اور ان کو بھی یہ اندیشہ تھا کہ کہیں کسی کو خبر نہ ہو جائے، تاہم تمام مراحل خوش اسلوبی سے طے ہوئے اور وہ بھی بہت خوش ہوئے۔
عمر شہزاد اور اُن کی اہلیہ نے نکاح کے بعد عمرہ ادا کیا، جو کہ اٗن کا پہلا عمرہ تھا۔
واضح رہے کہ عمر شہزاد نے سوشل میڈیا انفلوئنسر شانزے لودھی سے فروری 2025 میں مسجد نبوی ﷺ میں نکاح کیا، اس کے بعد پاکستان آکر انہوں نے روایتی تقریبات جیسے مہندی، بارات اور ولیمے کا اہتمام کیا، جن میں شوبز انڈسٹری کے کئی معروف چہروں نے شرکت کی۔












لائیو ٹی وی