عیدالاضحیٰ کے دوسرے دن بھی قربانی، گوشت کی تقسیم اور دعوتوں کا سلسلہ جاری

شائع June 8, 2025
خواتین کا زیادہ وقت گوشت کی تقسیم، مختلف پکوانوں کی تیاری اور مہمانوں کی خاطر مدارت میں گزر رہا ہے
—فوٹو: بشکریہ اردو نیوز
خواتین کا زیادہ وقت گوشت کی تقسیم، مختلف پکوانوں کی تیاری اور مہمانوں کی خاطر مدارت میں گزر رہا ہے —فوٹو: بشکریہ اردو نیوز

ملک بھر میں عیدالاضحیٰ کا دوسرے روز بھی مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، سنتِ ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے مسلمان آج بھی جانوروں کی قربانی کر رہے ہیں، تاہم پہلے دن کے مقابلے میں آج قربانی کی تعداد میں واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

ملک کے مختلف شہروں میں آلائشوں کو اٹھانے اور صفائی برقرار رکھنے کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، ضلعی انتظامیہ اور صفائی کے عملے نے بروقت آلائشوں کو اٹھانے کا عمل جاری رکھا ہوا ہے، تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔

قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی حفاظتی اقدامات میں بھرپور طریقے سے متحرک ہیں، چیک پوائنٹس اور اہم مقامات پر سکیورٹی اہلکار تعینات ہیں تاکہ عید کی خوشیوں کو پُرامن بنایا جا سکے۔

عید کے دوسرے دن شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے اپنے رشتہ داروں کے گھروں اور تفریحی مقامات کا رخ کیا ہے، خاص طور پر بچے جھولوں، غباروں اور آئس کریم سے لطف اندوز ہو رہے ہیں، نوجوانوں نے سیر و تفریح اور دوستوں کے ساتھ دعوتوں کے پروگرام ترتیب دیے ہیں۔

خواتین کا زیادہ وقت گوشت کی تقسیم، مختلف پکوانوں کی تیاری اور مہمانوں کی خاطر مدارت میں گزر رہا ہے، جب کہ بزرگ افراد روایتی محفلوں میں مصروف نظر آ رہے ہیں، عید کا یہ دن نہ صرف قربانی کا دن ہے بلکہ میل ملاپ، مہمان نوازی اور خوشیوں کو بانٹنے کا بھی موقع ہے۔

دوسری جانب مختلف ہوٹلز کی جانب سے ’گوشت آپ کا، ذائقہ ہمارا‘ تھیم کے تحت عوام کو گوشت کے مزے مزے کے پکوان تیار کرکے دینے کی آفرز بھی لگائی گئی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2025
کارٹون : 22 دسمبر 2025