ٹانگوں میں سوجن کی بیماری ’کرونک وینز ان سفیشنسی‘ کیا ہے
گزشتہ ہفتے وائٹ ہاؤس نے تصدیق کی تھی کہ 79 سالہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ میں ٹانگوں کی سوجن کی بیماری ’کرونک وینز ان سفیشنسی‘ (Chronic Venous Insufficiency - CVI) کی تشخیص ہوئی ہے، تاہم ان کی بیماری سنگین نہیں۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کے ہاتھوں میں نیل کے نشانات زائد العمری میں بار بار لوگوں سے ہاتھ ملانے کی وجہ سے پڑے، ان کا سنگین بیماری سے کوئی تعلق نہیں۔
صدارتی محل نے بتایا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے جسم کی تمام رگوں کا معائنہ بھی کیا گیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ میں مذکورہ بیماری کی تشخیص کے بعد سوشل میڈیا پر چہ مگوئیاں ہیں کہ شاید امریکی صدر فالج جیسی سنگین بیماری کے خطرے سے دوچار ہیں۔
کرونک وینز ا ن سفیشنسی کیا ہے؟
امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ کے مطابق ’کرونک وینز ان سفیشنسی‘ عموماً عمر رسیدہ افراد میں پائی جاتی ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ مرض اس وقت پیدا ہوتا ہے جب ٹانگوں میں موجود رگیں خون کو مؤثر طریقے سے دل تک واپس نہیں لے جاتیں، جس کے باعث خون ٹانگوں میں جمع ہونے لگتا ہے۔ اس بیماری کی علامات میں ٹخنوں اور پیروں کے گرد سوجن، ٹانگوں میں بھاری پن یا سن ہونے کا احساس، اور بعض اوقات وریکوز وینز (موٹی نیلی رگوں کا پھول جانا) شامل ہیں۔ شدید صورت میں یہ مرض ٹانگوں پر زخم (السرز) بھی پیدا کر سکتا ہے۔
بیماری کی وجوہات کیا ہیں؟
ماہرین کہتے ہیں کہ جسم میں نیچے سے اوپر، خاص طور پر پیروں سے دل تک خون پہنچانا قدرتی طور پر ایک مشکل عمل ہے، خاص طور پر جب کوئی فرد مسلسل کھڑا یا بیٹھا رہے۔
ماہرین کے مطابق ٹانگوں کی رگوں میں یک طرفہ والوز (valves) ہوتے ہیں جو خون کو واپس نیچے جانے سے روکتے ہیں، اگر یہ والوز کسی وجہ سے متاثر ہو جائیں، تو سی وی آئی بیماری کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
اس کی اہم وجوہات میں خون کے لوتھڑے (clots)، رگوں کی سوزش (phlebitis)، یا زیادہ وزن شامل ہیں۔
تشخیص اور علاج کیسے ہوتا ہے؟
ڈاکٹر سب سے پہلے ٹانگوں کی سوجن کی ممکنہ سنگین وجوہات جیسے دل، گردے یا خون کی رکاوٹوں کو خارج کرتے ہیں۔
سی وی آئی کی تصدیق کے لیے ٹانگوں کی رگوں کا الٹراساؤنڈ بھی کیا جاتا ہے۔
مذکورہ بیماری کے علاج میں کمپریشن اسٹاکنگز (دباؤ والے موزے) پہننا، ٹانگوں کو اونچا رکھنا، وزن کو قابو میں رکھنا اور باقاعدہ ورزش خصوصاً چہل قدمی شامل ہے، کیونکہ ٹانگوں کے پٹھے خون کی روانی میں مدد دیتے ہیں۔
مزید سنگین صورتوں میں ادویات یا طبی طریقہ علاج بھی تجویز کیا جاتا ہے۔












لائیو ٹی وی