لندن میں فلسطین کی امداد کے لیے کنسرٹ، فنکار یکجہتی کا پیغام دیں گے

شائع August 13, 2025
—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

لندن میں فلسطین کی مدد کے لیے ایک بڑا کنسرٹ منعقد کیا جائے گا، جس میں عالمی شہرت یافتہ فنکار شریک ہوں گے اور یکجہتی کا پیغام دیں گے۔

لندن کے ویمبلی ایرینا میں 17 ستمبر کو فلسطین کے حق میں ایک بڑا کنسرٹ منعقد کیا جائے گا۔

اس کنسرٹ میں کئی بین الاقوامی اور فلسطینی فنکار پرفارم کریں گے اور کنسرٹ سے حاصل ہونے والی رقم غزہ میں کام کرنے والی فلاحی تنظیموں کو دی جائے گی۔

کنسرٹ کا نام ’ٹوگیڈر فار فلسطین‘ رکھا گیا ہے اور یہ برطانوی موسیقار برائن اینو کی قیادت میں منعقد ہوگا، اس کا مقصد ’چوز لو‘ نامی برطانوی فلاحی تنظیم کے ذریعے غزہ میں خوراک، طبی سہولیات اور دیگر امداد فراہم کرنا ہے۔

کنسرٹ میں فلسطینی موسیقار عدنان جوبران، فراج سلیمان اور نائی بارغوتی کے علاوہ برطانیہ کے مشہور فنکار باسٹائل، کیٹ برنز، ڈیمون البارن، جیمز بلیک، میبل اور پالومہ فیتھ بھی پرفارم کریں گے۔

علاوہ ازیں رینا ساوایاما، پِنک پینتھرَیس اور رِز احمد بھی چھوٹے پرفارمنس دیں گے، جب کہ بل بورڈ کے مطابق مزید فنکاروں کے نام آئندہ ہفتوں میں اعلان کیے جائیں گے۔

برائن اینو نے کہا کہ فنکار ہمیشہ معاشرتی ناانصافی کی نشاندہی کرتے ہیں اور بہتر مستقبل کا خواب دکھاتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ یہ کنسرٹ بہت اہم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ سب کو اکٹھے ہو کر انسانیت کے لیے اپنی آواز بلند کرنی ہوگی۔

اس ایونٹ کا پروڈکشن ڈیزائن ٹونی ایوارڈ یافتہ اسٹیج ڈیزائنر ایس ڈیولن کر رہی ہیں، جو ویمبلی ایرینا کے اسٹیج پر فلسطینی ثقافت کی خوبصورتی کو اجاگر کریں گی۔

کنسرٹ کے ٹکٹس مائے ٹکٹ کے ذریعے دستیاب ہیں اور تمام فنکار مل کر فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا پیغام دیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2025
کارٹون : 20 دسمبر 2025