سری لنکا بہترین ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا اعزاز بچانے میں کامیاب

شائع December 13, 2013
سری لنکن کھلاڑی جیت کے بعد خوشی کا اظہار کررہے ہیں—اے ایف پی فوٹو۔
سری لنکن کھلاڑی جیت کے بعد خوشی کا اظہار کررہے ہیں—اے ایف پی فوٹو۔

دبئی: سری لنکا نے پاکستان کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران 24 رنز سے شکست دیکر سیریز ایک ۔ ایک سے برابر کردی۔ اس فتح کے ساتھ مہمان ٹیم بہترین ٹی ٹوئنٹی ٹیم ہونے کا اعزاز بچانے میں بھی کامیاب رہی۔

دُبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں جمعے کے روز کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کپتان محمد حفیظ نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔

مہمان ٹیم نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 212 کا مشکل ہدف دے دیا۔

سری لنکا کی جانب سے تلیکارتنے دلشان اور کسل پریرا نے ٹیم کو شاندار 100 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔

دلشان نے 48 رنز بنائے جبکہ پریرا 84 رنز بناکر میچ کی آخری گیند پر آؤٹ ہوئے۔

اس کے علاوہ کمار سنگاکارا نے بھی 43 رنز کی اننگ کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے سعید اجمل نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کی اننگ کا آغاز مایوس کن رہا، مشکل ہدف کے تعاقب میں گرین شرٹس کے 27 رنز پر دو کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔

احمد شہزاد 8 جبکہ کپتان محمد حفیظ 7 رنز ہی بنا پائے۔

اس موقع پر نوجوان بلے باز شرجیل خان اور صہیب مقصود نے اننگ کو سہارا دیتے ہوئے 35 رنز کی شراکت داری قائم کی۔

مقصود 15 رنز بناکر پریرا کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے تاہم دوسرے اینڈ سے رنوں کا سلسلہ جاری رہا۔

شرجیل نے اپنی اننگ کے دوران خوبصورت اسٹروکس کھیلتے ہوئے 5 چوکے اور 3 چھکے لگائے تاہم وہ نصف سنچری اسکور کرنے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

ان کے آؤٹ ہونے کے ساتھ ہی مڈل آرڈر کا روایتی انداز میں آؤٹ ہونے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

اس طرح عمر اکمل، عمر امین اور بلاول بھٹی اسکور بورڈ پر بغیر کسی رن کے اضافے کے پویلین واپس لوٹ گئے۔

ایک موقع پر پاکستان نے صرف سات گیندوں پر چار وکٹیں گنوائیں۔

اختتامی اووروں میں شاہد آفریدی، سہیل تنویر اور سعید اجمل نے سری لنکن باؤلروں کے سامنے سخت مزاحمت کی تاہم وہ ٹیم کو ہدف کے پار لگانے میں کامیاب نہ ہوسکے۔

آفریدی نے 28، تنویر نے 41 جبکہ اجمل نے 20 رنز بنائے۔

اس دوران اجمل اور تنویر نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں نویں وکٹ پر 63 رنز اسکور کرکے ریکارڈ قائم کیا۔

بعدازاں سعید اجمل کی وکٹ کے ساتھ ہی پاکستانی اننگ کا 187 رنز پر خاتمہ ہوگیا۔

سری لنکا کی جانب سے سینانائکے نے اپنے مقررہ اووروں میں 27 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

دونوں ٹیمیں اب متحدہ عرب امارات ہی میں ون ڈے سیریز میں آمنے سامنے ہوں گی جس کا پہلا میچ بدھ کو کھیلا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 20 جولائی 2025
کارٹون : 19 جولائی 2025