ضرب عضب: تازہ کارروائیوں میں 47 'دہشت گرد' ہلاک
پشاور: شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن کامیابی سے جاری ہے جہاں منگل کو مختلف کارروائیوں میں کم از کم 47 مشتبہ دہشت گرد ہلاک جبکہ شدت پسندوں کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کردیے گئے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی اور اس سے ملحقہ علاقوں میں دوپہر کو فجائی بمباری کی گئی جس میں کم از کم 27 مشتبہ دہشت گرد مارے گئے۔
حملے میں دہشت گردوں کے گیارہ ٹھکانے بھی تباہ ہوئے جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارود بھی تباہ کردیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اس سے قبل منگل کی صبح خیبر ایجسنسی میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر کیے گئے فضائی حملے میں کم از کم 20 مشتبہ دہشت گرد ہلاک جبکہ بمباری میں عسکریت پسندوں کے 12 ٹھکانے بھی تباہ ہوئے۔
دہشت گردی کا منصوبہ ناکام
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق دوپہر میں شمالی وزیرستان ایجنسی کے علاقے اسپن وام میں خودکش حملے کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔
بارود سے بھری ایک گاڑی نے سول ہستپال کے باہر قائم چوکی تک پہنچنے کی کوشش جہاں موقع پر تعینات اہلکاروں نے گاڑی پر فائرنگ کر دی جس سے گاڑی تقریباً 100 میٹر کے فاصلے پر دھماکے سے تباہ ہو گئی۔
دھماکے سے قریبی عمارت کی چھت گرنے کے سبب دو فوجی ایک شہری ہلاک ہو گیا۔
مقامی اور قبائلی ذرائع کے مطابق خیبر ایجنسی میں وادی تیرہ کے علاقے میرابان لوکی خیل میں ایک گھر پر مارٹر گولا گرنے سے خواتین اور بچوں سمیت کم از کم سات افراد ہلاک ہو گئے۔
قبائلی افراد کے مطابق یہ مکان خان ولی کوکی خیل نامی شخص کے نام تھا تاہم اس حوالے سے آئی ایس پی ار کی جانب سے تفصیلات آنا باقی ہیں۔
لاکھوں افراد کی نقل مکانی
علاقے میں جاری فوجی آپریشن کے باعث اب تک تقریباً ساڑھے چار لاکھ افراد پاکستان کے مختلف علاقوں اور پڑوسی ملک افغانستان نقل مکانی کر چکے ہیں جو موجودہ سالوں میں پاکستان کے کسی بھی علاقے سے نقل مکانی کرنے والوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والے چار لاکھ 54 ہزار 207(36 ہزار 514 خاندان) لوگوں کی سیدگئی چیک پوسٹ پر رجسٹریشن کی جاچکی ہے۔
بیان میں کہا گیا ان افراد میں راشن کی تقسیم کے لیے چھ پوائنٹ بنائے گئے ہیں جن میں تین بنوں، دو ڈیرہ اسماعیل خان اور ایک ضلع تانک میں قائم کیا گیا ہے۔











لائیو ٹی وی
تبصرے (2) بند ہیں