• KHI: Partly Cloudy 20.5°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 11.7°C
  • KHI: Partly Cloudy 20.5°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 11.7°C

میانمار: حالیہ مسلم کش فسادات میں دو افراد ہلاک

شائع July 3, 2014

میانمار: میانمار کے دوسرے بڑے شہر منڈالے میں بدھ مذہب کے پیروکاروں اور مسلمانوں کے مابین ہونے والے حالیہ فرقہ وارانہ فسادات کے دوسرے روز رات گئے دو افراد کو قتل کردیا گیا۔

میانمار کے شہر منڈالے کے آرمی کرنل انچارج آف سیکورٹی آنگ کیاؤ اوو نے جمعرات کو خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ فسادات کی تازہ لہر میں ایک بدھ مت اور ایک مسلمان ہلاک جبکہ 14 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق تقریباً دس لاکھ کی آبادی پر مشتمل میانمار کے شہر منڈالے کی سڑکوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔

آنگ کیاؤ اوو کے مطابق اس خبر کے انٹرنیٹ کے ذریعے پھیلنے کے بعد کہ چائے خانے کے ایک مسلمان مالک نے ایک بدھ مت خاتون کا ریپ کیا ہے، منگل کی رات یہاں فسادات پھوٹ پڑے، جس کے بعد پولیس نے بدھ کے روز چار افراد کو گرفتار کیا ہے۔

پولیس کے مطابق فسادات کی پہلی رات پانچ افراد زخمی ہوئے۔

دارالحکومت نئی پیاتا کے ایک سینئر پولیس افسر نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ ریپ کا مقدمہ چائے خانے کے مالک اور اُس کے بھائی کے خلاف پینمانا پولیس اسٹیشن میں درج کرلیا گیا ہے، جہاں ریپ کا یہ واقعہ ہوا تھا۔

حکام کے مطابق فسادات کی دوسری رات موٹر سائیکلوں پر سوار بدھ مت کے شدت پسندوں نے منڈالے کی سڑکوں پر گشت کرتے ہوئے مساجد اور مسلمانوں کی دکانوں پر پتھراؤ کیا، جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہو گئے۔

ہلاک ہونے والوں میں ایک مسلمان شامل ہے جسے شدت پسند بدھ متوں نے جمعرات کو اُس وقت نشانہ بنایا، جب وہ صبح فجر کی نماز ادا کرنے مسجد جا رہا تھا۔ حملہ آور اسے مردہ حالت میں سڑک پر چھوڑ کر فرار ہو گئے۔

ایک پولیس افسر نے نام نہ بتانے کی شرط پر خبر رساں ادارے اے پی کو بتایا کہ ہلاک ہونے والا دوسرا فرد بدھ مت کا ماننے والا تھا، جس کی ہلاکت کی تحقیقات جاری ہیں۔

یاد رہے کہ صدر تھین سین نے اننچاس سالہ آمرانہ دورِ حکومت کے بعد 2011 میں میانمار کی باگ دوڑ سنبھالی تھی اور ملک میں کئی سیاسی اور معاشی اصلاحات نافذ کی تھیں۔

موجودہ حکومت مسلم کش فسادات کو روکنے کی کوشش کر رہی ہے، جس کے باوجود جون 2012ء کے بعد سے کم از کم 240 افراد کو قتل کیا جا چکا ہے۔

ہلاک ہونے والے زیادہ تر افراد کا تعلق میانمار کی مسلم اقلیتی آبادی سے ہے، جو میانمار کی آبادی کا پانچ فیصد ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2025
کارٹون : 23 دسمبر 2025