پشاور: ریموٹ کنٹرول بم حملہ، ایک اہلکار ہلاک
پشاور: پشاور میں آج جمعہ کی صبح ایک پولیس موبائل پر ریموٹ کنٹرول بم حملے میں ایک اہلکار ہلاک، جبکہ تین زخمی ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق پشاور کے علاقے وزیر باغ میں سائنس کالج کے قریب پولیس اہلکار معمول کے گشت پر تھے کہ سڑک کنارے نصب بارودی مواد دھماکے سے پھٹ گیا۔
اس واقعے میں 4 اہلکار زخمی ہوئے، جنہیں لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور منتقل کردیا گیا، تاہم ہیڈ کانسٹیبل جاوید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ بم حملے کے بعد نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے پولیس وین پر فائرنگ بھی کی گئی۔
واقعے کے بعد بم ڈسپوزل یونٹ اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور تفتیش کا عمل شروع کردیا گیا۔
خیال رہے کہ پشاور صوبہ خیبر پختونخوا کا دارالحکومت ہے، جہاں پر اس سے قبل بھی متعدد مرتبہ پولیس اہلکاروں اور سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔











لائیو ٹی وی
تبصرے (1) بند ہیں