آزاد کشمیر: ایک دیہاتی کو ہندوستانی فوجی پکڑ کر لے گئے

07 اگست 2014
ہندوستانی فوجی لائن آف کنٹرول کے ساتھ گشت میں مصروف ہیں۔ —. فائل فوٹو اے پی
ہندوستانی فوجی لائن آف کنٹرول کے ساتھ گشت میں مصروف ہیں۔ —. فائل فوٹو اے پی

مظفرآباد: مقامی لوگوں اور حکام کا کہنا ہے کہ بدھ کے روز ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے ساتھ آزاد کشمیر کے ایک شہری کو ہندوستانی فوجیوں نے گرفتار کرلیا تھا۔

ان کا کہنا ہے کہ بیالیس برس کے کالا خان جو درّہ شیر خان کے رہائشی ہیں، اس مقام پر چارہ کاٹ رہے تھے، جو سرحدی تقسیم کی غیرواضح لائن کے قریب ہے، اس دوران گشت میں مصروف ہندوستانی فوجی دستہ انہیں پکڑ کر لے گیا۔

ضلع پونچھ کے ڈپٹی کمشنر چوہدری فرید نے ڈان کو ٹیلی فون پر بتایا ’’یہ درست ہے کہ اسے ہندوستانی فوج نے پکڑ لیا ہے۔ ایل او سی کے ساتھ ایسا متعدد بار ہوا ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ بدھ کی علی الصبح کالا خان اپنے ایک دیہاتی ساتھی کے ہمراہ ایک پہاڑی پر چارہ کاٹ رہے تھے، یہ پہاڑی ان کے گاؤں منیرکالونی کی پشت پر واقع ہے۔

ان دونوں کے گھروالوں نے ان کی واپسی کا چھ گھنٹے انتظار کیا اور اس کے بعد ان کی تلاش شروع کی،جس کے دوران انہیں ان کی ایک چادر ملی جسے وہ ایل او سی کے ساتھ گھاس لے جانے کے لیے استعمال کرتے تھے۔

بعد میں ان میں سے ایک کے ساتھ ان کا رابطہ ہوا جو ایک قریبی قصبے میں بھاگ کر چھپ گیا تھا۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق اس دیہاتی نے ان لوگوں کو بتایا کہ اس کو کچھ آوازیں اس سمت سے سنائی دیں، جہاں کالا خان گھاس کاٹ رہے تھے، لیکن انہوں نے انہیں وہاں نہیں پایا، چنانچہ وہ خوف کے مارے وہاں سے بھاگ گئے۔

سہرّہ پولیس چوکی پر تعینات ایک اہلکار مالک راشد نے ڈان کو بتایا کہ اس واقعہ کی ایک رپورٹ درج کرلی گئی ہے۔

ڈان کے نمائندے نے فوج کا نکتہ نظر جاننے کے لیے مظفرآباد میں موجود آئی ایس پی آر کے حکام کو کئی فون کالز کیں اور ٹیکسٹ میسیجز بھی بھیجے، لیکن ان کا کوئی جواب نہیں آیا۔

آزاد جموں کشمیر کے سرحدی علاقے کے رہائشیوں نے الزام عائد کیا ہے کہ ہندوستانی فوجی اکثر عام شہریوں کو پکڑ کر لے جاتے ہیں، جو یہاں ایل او سی کے ساتھ مویشی چراتے ہیں، چارہ کاٹتے ہیں، اور لکڑیاں یا دوائی پودے لے جاتے ہیں۔

گزشتہ سال جولائی میں وادیٔ نیلم کے چار باشندے جو دوائی پودے اکھٹا کرنے کے لیے ایل او سی کے ساتھ کے علاقے میں گئے تھے، لاپتہ ہوگئے تھے، بعد میں ان کے بارے میں معلوم ہوا کہ انہیں ہندوستانی فوجیوں نے اُٹھالیا تھا اور بعد میں انہیں ہلاک کردیا تھا۔

جون 2009ء کے دوران اسی علاقے کے ایک اور شہری کو مبینہ طور پر ہندوستانی فوجی سرحد پار کرکے اُٹھا کر لے گئے تھے۔

ستمبر 2007ء میں وادیٔ نیلم کے گاؤں ڈھکی اور چکنار سے تین مرد لاپتہ ہوگئے تھے۔ ان کےرشتہ داروں نے الزام عائد کیا تھا کہ انہیں آزاد جموں و کشمیر کے طرف کے ایل او سی سے ہندوستانی فوجیوں نے اغوا کیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Khan Aug 07, 2014 01:00pm
All Kashmiries on the Line of Control must be allowed to keep the weapons for their protection, Not only light weapons but heavy weapons, as in future nobody could dare to cross line and catch anyone.