پشاورایئر پورٹ: نائٹ فلائٹ آپریشن معطل
پشاور: پشاور کے باچا خان انٹر نیشنل ایئر پورٹ پربین الاقوامی پروازوں کے لیے نائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔
پشاور کے باچا خان انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن محمد یوسف کا کہنا تھا کہ طیاروں پر فائرنگ کے واقعات کی وجہ سے رات کے وقت فلائٹ پشاور آپریشن بند کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پشاورایئر پورٹ کی سیکورٹی کے لیے پونے 6 ارب روپے وفاقی حکومت کی جانب سے مختص کیے گئے ہیں اور ایئر پورٹ کی سیکورٹی مزید فول پروف بنائی جا رہی ہے ۔
ڈی جی سول ایوی ایشن کے مطابق ایئر پورٹ سیکورٹی کے لیے جدید آلات بھی خریدے جا رہے ہیں۔
منگل کو پی آئی اے کے طیارے پر فائرنگ کے واقعے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پرسوں طیارے پر فائرنگ کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ پشاور میں باچا خان انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ریاض سے پشاور آنے والے طیارے پی کے 376 پر بڈھ بیر کی حدود میں سلیمان خیل اور ماشو خیل کے درمیان نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی تھی۔
اس سے قبل بھی پشاور میں اسی طرح کے ایک واقعہ میں پی آئی اے کے طیارہ پر فائرنگ سے ایک خاتون ہلاک جبکہ دو کریو ممبر زخمی ہو گئے تھے۔
واقعہ کے بعد کئی انٹرنیشنل ایئرلائنز نے پشاور ائیر پورٹ کے لیے اپنی پروازیں منسوخ کر دی تھیں۔
تاہم اب پشاور ایئر پورٹ پر آنے والی 11 میں سے دس ایئر لائنز نے اپنا فلائٹ آپریشن بحال کر دیا ہے، جبکہ صرف ایک اتحاد ایئر لائنز نے اپنا فلائٹ آپریشن بحال نہیں کیا۔
ڈی جی سول ایوی ایشن محمد یوسف کا کہنا ہے کہ اتحاد ایئر لائنز نے 15 اکتوبر سے فلائٹ آپریشن بحال کرنا تھا لیکن بعد میں اسے ملتوی کر دیا گیا۔











لائیو ٹی وی