جسٹس مقبول باقر پر حملے کا مرکزی ملزم گرفتار
کراچی: پاکستان کے سب سے بڑے شہر اور صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مقبول باقر پر حملے کے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق حساس اداروں نے سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مقبول باقر پر حملے کے مرکزی ملزم کو کراچی کے ضلع وسطی سے گرفتار کیا۔
جون دو ہزار تیرہ میں بم حملے کرکے جسٹس باقر کو شدید زخمی کرنے کی منصوبہ بندی کرنے والے ملزم کو تفتیش کے لیے خفیہ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
تحریک طالبان پاکستان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔
دوسری جانب کراچی پولیس کی بھاری نفری نے مشتبہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر سہراب گوٹھ کی افغان بستی میں سرچ آپریشن کیا۔
ضلع ملیر کی پولیس نفری اور اسپیشل کمانڈوز نے بستی کے تمام راستوں کو بند کرکے گھر گھر تلاشی لی۔
کمانڈوز نے گھروں میں رکھی اشیاء خصوصا صندوق اور ڈرم کو بھی چیک کیا۔ علاقے میں کھڑے رکشوں کی بھی چیکنگ کی گئی۔
سرچ آپریشن کے دوران چند مشتبہ افراد کو تفتیش کے لیے حراست میں لے لیا گیا۔












لائیو ٹی وی