• KHI: Partly Cloudy 21.8°C
  • LHR: Clear 14.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 10.1°C
  • KHI: Partly Cloudy 21.8°C
  • LHR: Clear 14.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 10.1°C

ہندوستانی فوج نے 'غلطی' تسلیم کرلی

شائع November 8, 2014

نئی دہلی: ہندوستانی فوج نے تسلیم کیا ہے کہ رواں ہفتے ہندوستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں دو نوجوانوں کی ہلاکت ایک 'غلطی' تھی۔

مسلح افواج کی جانب سے کسی غلطی کو سرِ عام تسلیم کیے جانے کے واقعات شاذ و نادر ہی رونما ہوتے ہیں۔

واضح رہے کہ انڈین فوج نے پیر کو سری نگر کے نواح میں ایک کار پر فائرنگ کردی تھی، جس کے نتیجے میں دو نوجوان ہلاک جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا تھا۔

جمعے کو صحافیوں سے گفتگو کے دوران ہندوستانی فوج کے شمالی کمانڈ کے لیفٹیننٹ جنرل ڈی ایس ہودا نے تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ ' ہم کشمیر میں دو لڑکوں کی ہلاکت کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں'۔

'ہم تسلیم کرتے ہیں کہ ایک غلطی ہوئی ہے۔ ہمیں اطلاع ملی تھی کہ ایک سفید کار میں دہشت گرد موجود ہیں اور یقینی طور پر ہم سے شناخت میں بھول ہوئی '۔

ہودا نے 'انتہائی شفاف' طریقے سے ان ہلاکتوں کی تحقیقات کا بھی یقین دلایا۔

کشمیر کا خوبصورت ہمالیائی علاقہ اس وقت پاکستان اور ہندوستان کے درمیان تقسیم ہے اور دونوں ممالک پورے خطے کی ملکیت کا دعویٰ کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ 1989 کے بعد سے اب تک ہندوستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں درجن بھر مسلح گروپس ہندوستانی افواج سے لڑرہے ہیں ۔ وہ آزادی چاہتے ہیں یا پھر کشمیر کا پاکستان سے الحاق چاہتے ہیں۔

پاکستان اور ہندوستان کے درمیان 1947 کی آزادی کے بعد سے تین جنگیں ہوچکی ہیں اوران میں سے دوجنگیں کشمیرپر ہوئی ہیں۔

ہندوستان اور پاکستان دونوں ایک دوسرے پر متواتر ایل او سی (لائن آف کنٹرول) پر سیز فائرکی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے رہے ہیں۔

دونوں ممالک کے درمیان 2003 میں سیز فائر معاہدہ ہوا تھا مگر گزشتہ کچھ عرصے سے اس معاہدے کی خلاف ورزی کے باعث پاکستان اور ہندوستان کے فوجیوں کے ساتھ ساتھ سرحد پر عام آبادی بھی نشانہ بنی ہے اور دونوں جانب متعدد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2025
کارٹون : 21 دسمبر 2025