انڈونیشیا میں 7.3 شدت کا زلزلہ، سونامی وارننگ جاری

15 نومبر 2014
پیسفک سونامی وارننگ سینٹر کے مطابق انڈونیشیا کے ساحل پر تقریباً  300 کلومیٹر کی حدود میں سونامی کی لہروں کا امکان ہے—۔فوٹو/ اے ایف پی
پیسفک سونامی وارننگ سینٹر کے مطابق انڈونیشیا کے ساحل پر تقریباً 300 کلومیٹر کی حدود میں سونامی کی لہروں کا امکان ہے—۔فوٹو/ اے ایف پی

جکارتہ: انڈونیشیا کے مشرقی جزیرے مالوکو میں 7.3 شدت کے زلزلے کے جھٹکوں کے بعد سونامی کی وارننگ جاری کردی گئی ہے۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق ہفتے کی صبح آنے والے اس زلزلے کی گہرائی زیرِ سمندر تقریباً 46 کلومیٹر ( 28 میل) تھی۔

پیسفک سونامی وارننگ سینٹر کے مطابق انڈونیشیا کے ساحل پر تقریباً 300 کلومیٹر کی حدود میں سونامی کی لہروں کا امکان ہے۔

مذکورہ سینٹر کی جانب سے جاری کی گئی وارننگ کے مطابق سونامی کی لہریں انڈونیشیا کے ساتھ ساتھ فلپائن، جاپان، تائیوان اور جنوبی پیسفک کے جزیروں کو بھی متاثر کر سکتی ہیں۔

سونامی کی تقریباً 30 سینٹی میٹر اور ایک میٹر تک کی لہریں انڈونیشیا سے ٹکرانے کا اندیشہ ہے۔

انڈونیشیا کے میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ کے ایک عہدیدار نے خبر رساں ادارے اے ایف کی بتایا کہ ہم سونامی کی وارننگ جاری کر چکے ہیں۔

دوسری جانب فلپائن کی حکومت کی جانب سے بھی سونامی وارننگ جاری کی جا چکی ہے۔

ابھی تک زلزلے کے باعث ہونے والے مالی یا جانی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔

انڈونیشیا ایک ایسے خط میں واقع پے، جہاں زیرِزمین پلیٹس آپس میں ٹکراتی رہتی ہیں، جس کے باعث زلزے اور آتش فشانی واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔

سن 2004 میں انڈونیشیا کے مغربی جزیرے سماٹرا کے قریب آنے والے ایک زلزلے کے بعد سونامی کی وجہ سے تقریباً 170,000 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

جبکہ گزشتہ برس آنے والے 6.1 شدت کے زلزلے کے باعث 30 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں