اسرائیلی فوجیوں سے جھڑپ میں سینئر فلسطینی رہنما ہلاک
ترموسایا: فلسطین میں مغربی کنارے پر احتجاج کے دوران اسرائیلی فوج کے تشدد سے ایک سینئر فلسطینی رہنما ہلاک ہو گئے۔
صدر محمود عباس نے سینئر رہنما زیاد ابو عین کے قتل کو سفاکانہ حملہ قرار دیتے ہوئے اس کا بھرپور جواب دینے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
عالمی برادری نے اس قتل کی مذمت کرتے ہوئے فوری طور پر تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
زیاد اسرائیلی بستیوں کے معاملے پر فلسطینی اتھارٹی کے انچارج تھے۔
اے ایف پی کے ایک فوٹو گرافر کے مطابق جھڑپیں اس وقت شروع ہوئیں جب تقریباً 300 فلسطینیوں نے اسرائیلی بستیوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے علامتی طور پر زیتون کے پودے لگانے کی کوشش کی، اس احتجاج میں ابوعین بھی موجود تھے۔
اس موقع پر پولیس نے آنسو گیس کے شیل فائر کیے گئے جبکہ فوجیوں نے ابوعین کو پکڑ لیا اور ان کے سینے میں شیل آ کر لگے۔
شیل لگنے سے ابوعین فوری طور پر زمین پر گر گئے اور اسرائیلی ڈاکٹر ان کے علاج کے لیے لپکے جس کے بعد انہیں فوراً ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔
یہ واقعہ ایک ایسے موقع پر پیش آیا ہے جب فلسطین میں صورتحال پہلے سے ہی کافی کشیدہ ہے اور حالیہ عرصے میں یروشلم میں گیارہ اسرائیلی فوجی جبکہ پرتشدد واقعات میں 12 فلسطینی بھی مارے جا چکے ہیں۔
محمود عباس نے راملہ میں فلسطینی رہنماؤں کا ایمرجنسی اجلاس طلب کر لیا ہے اور قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ وہ فلسطین اور اسرائیل کے درمیان دیرینہ سیکیورٹی تعاون کے معاہدے کو منسوخ کر دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے تمام آپشن کھلے ہیں۔
اسرئایلی وزیر دفاع موشے یالون نے ابو عین کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فوجی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں اور آج رات فیصلہ کیا جائے گا۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ سیکیورتی میں استحکام دونوں فریقین کے لیے انتہائی اہم ہے۔
یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ فیڈیریکا موغیرینی نے کہا کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے بھاری ہتھیاروں کے استعمال کی رپورٹس انتہائی پریشان کن ہیں اور انہوں نے فوری طور پر آزاد انکوائری کا مطالبہ کیا۔
فلسطینی اتھارٹی کے سابق ڈپٹی وزیر 55 سالہ ابو عین اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ حالیہ سالوں میں ہونے والی جھڑپوں میں ہلاک ہونے والے سب سے سینئر فلسطینی رہنما ہیں۔
محمود عباس نے ابو عین کی ہلاکت کو بربریت سے تعبیر کرتے ہوئے تین روزہ یوم سوگ کا اعلان کیا ہے۔












لائیو ٹی وی