پی ٹی آئی سے بیرونی فنڈنگ کی تفصیلات طلب

شائع April 2, 2015
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان  — اے ایف پی فائل فوٹو
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان — اے ایف پی فائل فوٹو

اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف سے غیر ملکی فنڈنگ کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر ریٹائرڈ جسٹس سردار محمد رضا کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے فل بینچ نے پی ٹی آئی کے بانی رکن اور سابق سیکرٹری اطلاعات اکبر ایس بابر کی دائر کردہ درخواست سماعت کی۔

درخواست گزار نے پارٹی پر مالی بے قاعدگیوں اور بیرونِ ملک سے آنے والے فنڈز سے متعلق قانون کی خلاف ورزی کرنے کے الزام عائد کیے ہیں۔

بینچ نے الیکشن کمیشن کے افسران کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ امریکا سے ہونے والی فنڈنگ کے حوالے سے پی ٹی آئی کی نئی مالی دستاویزات کی جانچ پڑتال کرے۔

پی ٹی آئی نے دعویٰ کیا ہے کہ فنڈنگ کی تمام تفصیلات الیکشن کمیشن کو جمع کرائی گئی آڈٹ رپورٹ میں موجود ہیں۔

تاہم بینچ کے مشاہدے میں یہ بات آئی کہ پی ٹی اٗئی کے وکیل آڈٹ رپورٹ کی جانچ پڑتال کے دوران بین الاقوامی فنڈنگ کے حوالے سے تفصیلات فراہم کرنے سے قاصر رہے تھے۔

پی ٹی آئی کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ای سی پی کی جانب سے آڈٹ رپورٹ کو تسلیم کیے جانے کے بعد اس کی صداقت پر سوالات نہیں اٹھائے جاسکتے۔

چیف الیکشن کمیشنر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو بیرون ملک سے ملنے والے فنڈز کے حوالے سے ثبوت فراہم کیے گئے ہیں، جس کے بعد الیکشن کمیشن کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ ان کی جمع کروائی گئی آڈٹ رپورٹ کی جانچ پڑتال کروائے۔

اس موقع پر جسٹس رضا نے پی ٹی آئی کے وکیل کو تنبہہ کی کہ ’معاملہ حساس ہے اور وہ آئندہ دلائل دینے میں محتاط رہیں‘۔

سماعت کے دوران بلوچستان سے تعلق رکھنے والے کمیشن کے ممبر ریٹائرڈ جسٹس فضل الرحمان نے سیاسی جماعتوں کو بیرونِ ملک سے ملنے والے فنڈز کے حوالے سے تفصیلات جمع کروانے کی شقوں سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر نے پی ٹی آئی پر لگائے گئے سنگین الزامات کے باعث وکیلِ صفائی کو بیرونی فنڈنگ سے حاصل کی جانے والی رقم اور اس کے ذرائع کے حوالے سے مکمل تفصیلات جمع کروانے کی ہدایت جاری کیں۔

کیس کی سماعت 6 مئی تک کے لئے ملتوی کردی گئی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 7 اکتوبر 2024
کارٹون : 6 اکتوبر 2024