فیس بک پر اپیل، بحرین سے فلپائنی لڑکی بازیاب

شائع April 11, 2015

منیلا: فلپائن کا کہنا ہے کہ ایک فلپائنی گھریلوخادمہ کو بحرین میں اس کے مالک سے بازیاب کروالیا ہے۔ اس فلپائنی لڑکی نے اپنے فیس بک پیج پر مدد کے لیے ایک دلگداز وڈیو پوسٹ کی تھی۔

فلپائنی سفارتخانے کا عملہ ایبے لیونا کی حالت زار دیکھ کر چونک گیا، جس نے اپنی وڈیو میں دعویٰ کیا تھا کہ اس کے مالک کے بیٹے نے اس کے ساتھ جنسی زیادتی کی اور تشدد کا نشانہ بنایا۔ یہ وڈیو ایبے نے اپنے فیس بک پیج پر جمعرات کی صبح پوسٹ کی تھی۔

اس وڈیو کو تقریباً 78 ہزار افراد نے شیئر کیا اور 19 ہزار لوگوں نے اس کو لائیک کیا۔

فلپائنی وزارتِ خارجہ کے ترجمان چارلس جوز کا کہنا ے کہ ’’اس وڈیو پیغام نے اس کی بازیابی کے لیے تحریک دی۔ اس کی اب ہمارے سفارتخانے میں دیکھ بھال کی جارہی ہے۔‘‘

چارلس جوز نے کہا فلپائنی سفارتخانے کے حکام اور عملے نے لیونا کی ایمپلائمنٹ ایجنسی سے اس کے مالک کے گھر پہنچے اور پولیس اس واقعہ کی تحقیقات کررہی ہے۔

بحرین میں فلپائنی سفارتخانے کے نائب قونصل رکی آراگون نے ٹیلی فون پر بتایا کہ لیونا کا مبینہ حملہ آور پولیس کی حراست میں ہے۔

تین منٹ کی اس وڈیو میں جو معلوم ہوتا ہے کہ ایک ویب کیم کے ذریعے تیار کی گئی تھی، ایبے لیونا نے سسکیاں لیتے ہوئے اپنے مالک کے منشیات کے عادی بیٹے پر جنسی زیادتی کا الزم عائد کیا۔

ایبے نے ایک تحریری اپیل بھی پوسٹ کی تھی، جس میں فیس بک فرینڈز سے کہا گیا تھا کہ وہ اس کی طرف سے فلپائنی سفارتخانے کے ساتھ رابطہ کریں۔

28 برس کی اس لڑکی نے کہا تھا ’’مجھے یہاں سے نکلنے میں میری مدد کیجیے۔ مجھے ڈر لگ رہا ہے۔ مجھے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ میری ٹانگ زخمی ہے۔ اس نے مجھے بے حرکت کرنے کے لیے میری ٹانگ پر مکے مارے ہیں۔‘‘

وہ بحرین میں ایک سال سے کام کررہی تھی۔

’’میرے مالک کے بیٹے نے میرا استحصال کرنے کے بعد مجھے دھمکی دی کہ جو کچھ ہوااگر میں نے اس کے بارے میں کسی کو بتایا تو وہ مجھے قتل کردے گا اور صحرا میں مجھے دفن کردے گا۔‘‘

ایبے لیونا کا کہنا ہے کہ اس کے مالک نے اس دعوے پر یقین نہیں کیا، اس کا ریپ کیا جارہا ہے اور اس کو تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے، اس نے اصرار کیا کہ اس کےمعاہدے کے باقی دو مہینے ختم ہوگئے چنانچہ وہ گھر جاسکتیہے۔ اس کے مالک نے بھی اس سے کہا کہ اگر وہ خود کو حاملہ محسوس کرتی ہے تو اس کو اسقاطِ حمل کرانا ہوگا۔

فلپائن میں جاری بیروزگاری کی بلندترین شرح اور غربت سے نجات کے لیے ایک اندازے کے مطابق ایک کروڑ فلپائنی بیرون ملک کام کررہے ہیں۔

بیرونِ ملک کام کرنے والے بہت سے فلپائنی ورکرز جو اس ملک کی دس کروڑ کی آبادی کا دسواں حصہ ہیں، انتہائی مشقت اور خطرناک حالات میں کام کرنے پر مجبور ہیں۔

گزشتہ سال بھی اسی طرح ایک فلپائنی گھریلو خادمہ نرگیلینی مینڈیز کو فیس بک پر ایک وڈیو پوسٹ کرنے کے بعد سعودی عرب میں ایک گھر سے بازیاب کروایا گیا تھا۔اس کا دعویٰ تھا کہ اس کے مالک نے اس کے ساتھ زیادتی کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2025
کارٹون : 21 دسمبر 2025