ون ڈے سیریز: پاکستان وائٹ واش کیلئے پر امید
لاہور : پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تیسران ون ڈے میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں اتوار (آج ) کھیلا جارہا ہے۔
پاکستان جمعے کی شب چھ وکٹ سے کامیابی حاصل کرکے پہلے ہی سیریز میں دو صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل کرچکا ہے تاہم اب میزبان ٹیم کی نظریں کلین سوئپ پر مرکوز ہیں تاکہ 2017 میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کی امیدوں کو زندہ رکھا جاسکے۔
گزشتہ ماہ بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے سیریز میں تین صفر سے شکست کے بعد پاکستان آئی سی سی ٹیم ون ڈے رینکنگ میں ساتویں سے نویں نمبر پر پہنچ گیا تھا، اگر اظہر علی کی ٹیم زمبابوے کے خلاف وائٹ واش مکمل کرنے میں کامیاب ہوگئی تو اس کے بعد وہ تین ٹیسٹ، پانچ ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کے لیے سری لنکا کا رخ ایک نئے عزم کے ساتھ کرسکے گی۔
دوسری آئی سی سی رینکنگ میں 11 ویں نمبر پر موجود زمبابوے کے لیے اتوار کا میچ بہت زیادہ اہمیت تو نہیں رکھتا تاہم وہ سیریز کا اختتام کامیابی سے کرنا پسند کرے گا کیونکہ اسے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی دو صفر سے وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
چھ سال بعد پاکستانی سرزمین پر کھیلی جانے والی اس تاریخی سیریز کا فائنل میچ جمعے کی رات دوسرے ون ڈے میچ کے دوران قذافی اسٹیڈیم کے قریب دھماکے کے بعد شبہات کا شکار ہوگیا تھا تاہم زمبابوے کے ٹیم عہدیداران اور لاہور پولیس کے سربراہ کے درمیان ملاقات کے بعد میچ کے انعقاد کی راہ ہموار ہوگئی۔
پی سی بی نے جمعے کو اعلان کیا تھا کہ دوسرے اور تیسرے ون ڈے میچ کے لیے تمام ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں تاہم اب دیکھنا ہوگا کہ دھماکے کے بعد اب کتنے لوگ قذافی اسٹیڈیم کا رخ کرتے ہیں کیونکہ جمعے کو اسٹیڈیم لگ بھگ مکمل طور پر بھر گیا مگر دھماکے کے بعد ستر فیصد لوگ وینیو سے نکل گئے تھے۔
پاکستانی باﺅلنگ لائن میں اس وقت وہاب ریاض ہی فارم میں نظر آرہے ہیں جو سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں، جبکہ فاسٹ باﺅلر محمد سمیع دونوں میچز میں اب تک کوئی وکٹ نہیں لے سکے۔
انور علی اور لیگ اسپنر یاسر شاہ کو بھی سیریز میں جدوجہد کا سامنا ہے اور وہ اب تک دو، دو وکٹ ہی لے سکے ہیں۔
سابق کپتان شعیب ملک نے ون ڈے سیریز میں اپنی کارکردگی سے ناقادین کو خاموش کرادیا ہے۔ پہلے ون ڈے میں 112 رنز اسکور کرنے کے بعد انہوں نے دوسرے میچ میں ناقابل شکست 36 رنز بنائے اور پاکستان کو سیریز میں کامیابی دلانے میں کردار ادا کیا، جبکہ باﺅلنگ میں بھی وہ 45 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
سیریزکا کامیاب اختتام یقیناً مستقبل میں پاکستان کا رخ کرنے والی دیگر ٹیموں کے لیے راستہ کھول دے گا۔












لائیو ٹی وی