چکوال: مسافر وین اور ڈمپر میں تصادم، 6 افراد ہلاک
اسلام آباد: پنجاب کے ضلع چکوال میں تلہ گنگ روڈ پر تیز رفتار ڈمپر اور مسافر وین میں ہونے والے تصادم کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوگئے ہیں۔
ڈان نیوز کے مطابق مسافر ہائی ایس نمبر 8572، جو کہ راولپنڈی سے میانوالی جا رہی تھی، فوڈ ویلی ریسٹورانٹ کے قریب سامنے سے آنے والے تیز رفتار ڈمپر نے ٹکرا گئی۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حادثہ ڈمپر ڈرائیور کی غفلت کی وجہ سے پیش آیا ہے۔
حادثے میں ہائی ایس کے ڈرائیور اور تین خواتین سمیت 5 افراد موقع پر ہی ہلاک اور 12 افراد شدید زخمی ہوئے گئے۔
امدای کاموں میں مصروف اہلکاروں نے واقعے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو چکوال کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اور سٹی ہسپتال تلہ گنگ منتقل کیا، جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے مزید ایک شخص دم توڑ گیا۔
چار افراد کو تشویشناک حالت میں ڈی ایچ کیو ہسپتال چکوال میں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد راولپنڈی ریفر کر دیا گیا ہے۔
حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت وین کے ڈرائیور محمد الطاف، رفعت بلقیس، محمد یعقوب، ثریا نور کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ دو افراد نامعلوم ہیں۔
ادھر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے چکوال میں ہونے والے ٹریفک حادثہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔












لائیو ٹی وی
تبصرے (1) بند ہیں