کالعدم تنظیموں کی کوریج نہ کرنے کا حکم

اپ ڈیٹ 03 نومبر 2015
پیمرا احکامات کے بعد ٹی وی اور ریڈیو جماعت الدعوہ سمیت 72 مختلف کالعدم تنظیموں کی کوریج نہیں کر سکیں گے—۔فائل فوٹو/ آن لائن
پیمرا احکامات کے بعد ٹی وی اور ریڈیو جماعت الدعوہ سمیت 72 مختلف کالعدم تنظیموں کی کوریج نہیں کر سکیں گے—۔فائل فوٹو/ آن لائن

اسلام آباد: حکومت نے نشریاتی اداروں کو خبردار کیا ہے کہ وہ لشکر طیبہ درجنوں کالعدم عسکریت پسند تنظیموں کی کوریج نہ کریں۔

یہ حکم ملک میں انتہا پسندی ختم کرنے کے لیے رواں سال کے اوائل میں متعارف ہونے والے'قومی ایکشن پلان' کے بعد عمل میں آیا ہے۔

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے جاری حکم کے بعد نشریاتی ادارے جماعت الدعوہ سمیت 72 مختلف کالعدم تنظیموں کی کوریج نہیں کر سکیں گے۔

پیمرا نے کہا 'تمام سیٹلائٹ ٹی وی چینل اور ایف ایم ریڈیو سٹیشنز کو سخت تنبیہ کی جاتی ہے کہ وہ جماعت الدعوہ، فلاح انسانیت فاؤنڈیشن اور لشکر طیبہ سمیت تمام کالعدم تنظیموں کی کسی بھی نوعیت کی کوریج سے باز رہیں'۔

خیال رہے کہ جماعت الدعوہ سے تعلق رکھنے والی فلاح انسانیت فاؤنڈیشن نے حالیہ سالوں میں سیلاب اور زلزلہ زدگان کی مدد کرنے کے علاوہ گزشتہ ہفتے شدید زلزلے کے بعد ریلیف آپریشنز میں حصہ لیا تھا۔

پیمرا کے مطابق، میڈیا تنظیمیں کالعدم جماعتوں کی جانب سے عطیات پر مبنی اشتہارات چلانے سے بھی قاصر ہوں گی۔

پیمرا نے میڈیا کو اشتعال پھیلانے اور امن و امان برقرار رکھنے میں رکاوٹ پر مبنی پروگرام نشر کرنے سے بھی روکا ہے۔

پیمرا کا کہنا ہے کہ احکامات کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کے نتیجے میں جرمانے یا پھر لائسنس منسوخ کرنے کی سزائیں دی جا سکتی ہیں۔

تبصرے (1) بند ہیں

حافظ Nov 03, 2015 02:00am
اور کالعدم تنظیموں کو تنبیہ کی جائے کہ سیاسی جماعتوں اور میڈیا کو فنڈنگ نہ کرے۔۔۔ورنہ۔۔