'محمد عرفان واقعی دیو ہیں'

شائع November 16, 2015
سات فٹ ایک انچ لمبی جسامت کے حامل محمد عرفان کرکٹ کی تاریخ کے لمبے ترین باؤلر ہیں —فوٹو/ اے ایف پی
سات فٹ ایک انچ لمبی جسامت کے حامل محمد عرفان کرکٹ کی تاریخ کے لمبے ترین باؤلر ہیں —فوٹو/ اے ایف پی

شارجہ: انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے اوپنر جیسن روئے نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز میں دیوقامت باؤلر محمد عرفان کا سامنا کرنا بہت بڑا چیلنج ہے۔

7 فٹ ایک انچ لمبی جسامت کے حامل محمد عرفان نے انگلینڈ کے خلاف جاری سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں جیسن روئے کو دوسری گیند پر بولڈ کردیا تھا اور مجموعی طورپر 35 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ پاکستان نے اس میچ میں 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔

واضح رہے کہ محمد عرفان کرکٹ کی تاریخ کے لمبے ترین باؤلر ہیں۔

جیسن روئے کا کہنا تھا کہ"عرفان واقعی ایک دیو ہیں"۔

ان کا کہنا تھا کہ "جس طرح انھوں نے (عرفان نے) پہلے میچ میں میرے خلاف باؤلنگ کی تھی، یہ مختلف تھا، اس کے لیے عادی ہونے کی ضرورت ہے اور اس پر کام کرنا پڑے گا لیکن اُن سے نمٹنا واقعی بہت مشکل ہے"۔

روئے نے دوسرے میچ میں شاندار 54 رنز بنائے تھے اور انگلینڈ نے 5 وکٹوں پر 283 رنز بنا کر پاکستان کو شکست دے دی تھی.

انھوں نے کہا کہ "عرفان جو دکھائی دیتے ہیں اس سے زیادہ تیز نظر آتے ہیں کیونکہ وہ تقریباً 12 فٹ کی اونچائی سے گیند پھینکتے ہیں لیکن مجھے سرے کاؤنٹی میں کرس ٹریملٹ جیسے لمبے باؤلروں کے خلاف کھیلنے کا کچھ تجر بہ حاصل ہے"۔

روئے کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کے بیٹسمینوں نے لیگ اسپنر یاسر شاہ پر، ٹیسٹ سیریز میں 15 وکٹیں لینے کے بعد ون ڈے سیریز میں قابو پالیا ہے۔

دوسرے ون ڈے میں کامیابی کے بعد انگلینڈ کی جانب سے سیریز برابر کرنے پر ان کا کہنا تھا کہ "ابھی صرف 2 میچ ہوئے ہیں اور وہ بڑے باؤلر ہیں اس لیے ہمیشہ ایسے کھلاڑیوں کی ٹیم میں شمولیت سے برتری حاصل ہوتی ہے لیکن میرے خیال میں ہمیں اپنے انداز میں کھیلنا پڑے گا"۔

پاکستان نے ٹیسٹ سیریز میں کامیابی کے بعد پہلا ون ڈے 6 وکٹ سے جیت کر سیریز میں برتری حاصل کی تھی تاہم انگلینڈ نے دوسرا ون ڈے 95 رنز سے جیت کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 26 جون 2025
کارٹون : 25 جون 2025