یوگا ٹیسٹ دیں، سزا میں کمی پائیں

شائع December 2, 2015

ممبئی: مغربی ہندوستان کی جیل میں موجود قیدی اب یوگا کا امتحان دے کر اپنی سزا میں کمی کرا سکیں گے۔

ریاست مہارشٹرا کی یروادا سینٹرل جیل میں اس پروگرام کے نگران نے بتایا کہ قیدی اس آفر سے فائدہ اٹھاتے ہوئے تین مہینوں تک سزا معاف کرا سکیں گے۔

مہارشٹرا میں محکمہ جیل خانہ جات کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل بھوشن کمار نے اے ایف پی کو بتایا کہ یوگا کے تحریری اور پریکٹیکل امتحان میں کارکردگی کی بنیاد پر سزا میں معافی کا فیصلہ ہوگا۔

’ ہم نے تحریری امتحان شروع کر دیے ہیں جبکہ پریکٹیکل ٹیسٹ جنوری میں شروع ہوں گے۔ہم ہر سال دو مرتبہ امتحان لیں گے ‘۔

بھوشن کمار کے مطابق، پروگرام کا مقصد قیدیوں کی ذہنی اور جسمانی حالت کو بہتر بنانا ہے۔

تحریری امتحان میں قیدیوں سے ’یوگا کیا ہے؟‘ اور ’اس سے آپ کو کیا مدد ملتی ہے‘ جیسے سوالات ہوتے ہیں جبکہ پریکٹیکل ٹیسٹ میں ان سے مختلف پیچیدہ مشقیں کرائی جائیں گی۔

بھوشن کمار کے مطابق، یوگا کے ذریعے ذہنی اور جسمانی توانائی میں ہم آہنگی آتی ہے۔’یہ روح کیلئے بھی بے حد مفید ہے‘۔

گزشتہ سال مئی میں یوگا کے شوقین نریندر مودی کے وزیر اعظم بننے کے بعد سے انڈیا میں کئی جگہوں پر یوگا پروگرام شروع کیے گئے ہیں۔

مودی نے یوگا اور امراض کے دوسرے روایتی علاج کی تشہیر کیلئے ایک وزارت بھی قائم کر دی ہے۔ انہوں نے تیس لاکھ سرکاری ملازمین اور ان کے اہل خانہ کیلئے بھی مفت یوگا کلاسز شروع کی ہیں۔

ہندوستانی دانشوروں کا ماننا ہے کہ یوگا کی تاریخ پانچ ہزار سال پرانی ہے اور ان دنوں اس کی مقبولیت عروج پر ہے۔ جون میں پہلی مرتبہ یوگا کا عالمی دن بھی منایا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2025
کارٹون : 21 دسمبر 2025